Inquilab Logo

راہل کا الزام، وزیراعظم مودی کی نیت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی نہیں ہے

Updated: March 05, 2024, 10:02 AM IST | Agency | Shivpuri

کانگریس لیڈر نے کہا کہنئی ملازمتیں نکالنا تو دور کی بات، خالی اسامیاں بھی پُر نہیں کررہے ہیں، ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا مدھیہ پردیش میں تیسرا دن، شیوپوری میں شاندار روڈشو کا اہتمام۔

There was a scramble among the participants to catch a glimpse of Rahul Gandhi and take his picture Photo: INN
راہل گاندھی کی ایک جھلک پانے اور ان کی تصویر نکالنے کیلئے شرکاء میں ہوڑ لگی ہوئی تھی۔ تصویر : آئی این این

راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ راجستھان سے مدھیہ پردیش میں داخل ہونے کے بعد یاترا کے تیسرے دن کانگریس لیڈر نے وزیراعظم پرشدید تنقیدیں کیں۔ انہوںکہا کہ وزیراعظم  مودی کی نیت نوجوانوں کو روزگار دینے کی نہیں ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ نئی ملازمتیں نکالنا تو بہت دور کی بات ہے، وہ خالی اسامیاں بھی پُر نہیں کررہے ہیں۔ شیوپوری میں راہل گاندھی نے ایک روڈ شو بھی کیا جس میں عوام کااژدہام نظر آیا۔ 
صبح کے وقت راہل گاندھی کی’ بھارت جوڑو نیائے یاترا‘  مدھیہ پردیش کے شیو پوری سے شروع ہوئی۔یہاں کانگریس  لیڈرنے گوالیار بائی پاس سے جھانسی تراہے تک ایک کھلی جیپ میں روڈ شو کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر کانگریس کارکنوں نے یاترا کا زبردست خیر مقدم کیا۔ لوگ ان کی ایک جھلک پانے کو بے تاب نظر آئے۔انہیں دیکھنے اور موبائل میں ان کی تصویر اُتارنے کیلئے لوگوں میں ایک ہوڑ سی لگی ہوئی تھی۔یاترا میں راہل کے ساتھ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری، سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ، آل انڈیا کانگریس سیکریٹری سنجے کپور، سابق وزیر کے پی سنگھ اور دیگر کانگریسی لیڈران موجود تھے۔ریاستی کانگریس کے نائب صدر پرکاش شرما نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے شیو پوری میں مختلف مقامات پر بینر اور پوسٹر لگا کر اُن کا استقبال کیا۔ 
اس موقع پرکانگریس لیڈر نے مرکزی حکومت پر شدید تنقیدیں کیں اور اس پر بے حس ہونے کاالزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تین بڑے مسائل ہیں جیسے مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی، لیکن حکومت ان مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے بلکہ اس  سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے غریبوں کی جیبوں سے زیادہ رقم نکالی جارہی ہے جبکہ امیروں کی جیبوں سے بہت کم رقم نکالی جارہی ہے۔ اسی طرح ضرورت مندوں کو خاطر خواہ ملازمتیں نہیں مل رہی ہیں اور اگنی ویروں کو بھی فوج میں بھرتی کیا جا رہا ہے۔
راہل گاندھی نےکہا کہ نئی ملازمتیں نکالنا تو دور کی بات، خالی اسامیاں بھی پُر نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں لاکھوں عہدے خالی ہیں لیکن حکومت ان کو بھرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے اور نوجوانوں کو صرف دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت خود کہہ رہی ہے کہ اس کے مختلف محکموں میں کئی لاکھ عہدے خالی ہیں۔ ملک کے نوجوانوں کو ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کی گارنٹی دینے والی حکومت اس سمت میں کوئی قدم نہیں  اٹھا رہی ہے۔نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانو، ایک بات نوٹ کرلو۔مودی کی نیت روزگار  دینے کی نہیں ہے۔ نئی آسامیاں نکالنا تو دور کی بات، وہ مرکزی حکومت کے خالی عہدوں پر بھی کنڈلی مارکر بیٹھے  ہوئے ہیں۔ اگر ہم پارلیمنٹ میں پیش کردہ مرکزی حکومت کے اعداد و شمار پر غورکریں تو۷۸؍ محکموں میں۹؍ لاکھ۶۴؍ ہزار عہدے خالی ہیں۔ اگر ہم صرف اہم محکموں کو دیکھیں تو ریلوے میں۲ء۹۳؍ لاکھ، وزارت داخلہ میں۱ء۴۳؍ لاکھ اور وزارت دفاع میں۲ء۶۴؍ لاکھ عہدے خالی ہیں۔
 کانگریس لیڈر نے سوال کیا کہ کیا مرکزی حکومت کے پاس اس بات کا جواب ہے کہ۱۵؍ بڑے محکموں میں۳۰؍ فیصد سے زیادہ عہدے کیوں خالی ہیں؟ جھوٹی  گارنٹیوں کا جھولا اٹھانے والے وزیر اعظم کے اپنے دفتر میں بہت اہم عہدے کیوں خالی ہیں؟ مستقل ملازمت دینے کو بوجھ سمجھنے والی بی جے پی حکومت مسلسل ٹھیکے کے نظام کو فروغ دے رہی ہے جہاں نہ تحفظ ہے اور نہ ہی عزت۔راہل گاندھی نے کہا ’’خالی آسامیاں ملک کے نوجوانوں کا حق ہیں اور ہم نے انہیں بھرنے کیلئے ایک ٹھوس پلان تیار کیا ہے۔ یہ انڈیا اتحاد کا عزم ہے کہ ہم نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے بند دروازے کھولیں گے۔ نوجوانوں کا مقدر بے روزگاری کے اندھیروں کو عبور کرکے طلوع ہونے والا ہے۔
راہل گاندھی نےمزید کہا کہ مودی حکومت کسانوں کی تحریک پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔  اس کے علاوہ بھی عوامی تشویش سے متعلق کئی مسائل ہیں، لیکن ان مسائل کو میڈیا میں جگہ نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیا کے اداروں پر ملک کے چند منتخب صنعت کاروں نے قبضہ کر رکھا ہے اور اسی وجہ سے عوام سے جڑے مسائل کو میڈیا میں نہیں دکھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی بجائے میڈیا میں ایک  صنعتکار خاندان کی شادی کی تقریب دکھائی جا رہی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو مرکز میں حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو وہ ان تمام مسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کرے گی۔ انہوں نے ملک میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کی ضرورت کو دہرایا اور کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایسا کیا جائے گا،اس کے ساتھ ہی او بی سی کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ’انڈیا‘ اتحاد کی حکومت بننے کے بعد ملک میں فسادبرپا کرنے والوں کے بارے میں بھی حقائق سامنے لائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK