• Sun, 06 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدھیہ پردیش میں۳۰؍ سے زائد قبائلی بچوں کی موت پر راہل کا بی جے پی پر حملہ

Updated: September 06, 2026, 11:21 AM IST | New Delhi

ملیریا جیسی بیماری سے بچوں کی ہونےوالے اموات کو حکومت کی مکمل ناکامی قراردیا، وزیراعلیٰ کو متنبہ کیا کہ ’’بچوں کی زندگی کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہوسکتا‘‘

Rahul Gandhi. Photo: INN.
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این۔

مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ میں بیگا قبائلی طبقہ ان دنوں خوف کے سایہ میں زندگی گزار رہا ہے۔ ان کے بچوں کی لگاتار اموات ہورہی ہیں۔ اب تک تقریباً۳۰؍بیگا قبائلی بچوں کی موت مختلف بیماریوں کے سبب ہو چکی ہیں، جس پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے شدید فکر کا اظہار کیا ہے۔ 
انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بالاگھاٹ، مدھیہ پردیش میں ۳۰؍قبائلی بچوں کی موت کی خبر بے حد فکر انگیز اور تکلیف دہ ہے۔ ‘‘یہ تبصرہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ انھوں نے ملیریا جیسی بیماریوں سے بیگا قبائلی بچوں کی موت پر فکر ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس خطرناک بیماری کے ساتھ پینے کے پانی، تغذیہ اور وقت پر علاج جیسی بنیادی سہولیات کی کمی بچوں کی جان لے رہی ہے۔ ‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ وزیر اعلیٰ خود اس کا حل نکالیں اور علاقہ میں فوری جانچ، علاج و راحتی سامان دستیاب کرائیں۔ ‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’بچوں کی زندگی سے سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: تکا رام منڈے نے سوشل میڈیا پر فرنویس اور ایکناتھ شندے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

اس سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کی ایک رپورٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے، جس کی سرخی ہے ’بالاگھاٹ: بیگا بچوں کی موت کا سلسلہ جاری، ۱۰؍سال کے گجیندر کی موت؛ مہلوکین کی تعداد۳۰؍ ہوئی۔ ‘ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قبائل اکثریتی علاقہ کے بیگا قبائلی بچوں کی ہو رہیں اموات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور کئی وزراء بھی بالاگھاٹ کا دورہ کر چکے ہیں، لیکن محکمہ صحت حالات پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔ بچوں کی موت سے بالاگھاٹ میں خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ موت کا تازہ معاملہ بالاگھاٹ کے بیہر-برسا علاقہ سے سامنے آیا ہے، جہاں ۱۰؍سالہ بیگا قبائلی گجیندر مرکام کی موت ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK