انسٹا گرام پروزیر اعلیٰ فرنویس کے تقریباً۲ء۹؍ملین فالوورز ہیں، ایکناتھ شندے کےفالوورز کی تعداد ۳؍ ملین ہےجبکہ تکا رام منڈے کے۳ء۷؍ ملین فالوورز ہوچکے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 06, 2026, 10:53 AM IST | Mumbai
انسٹا گرام پروزیر اعلیٰ فرنویس کے تقریباً۲ء۹؍ملین فالوورز ہیں، ایکناتھ شندے کےفالوورز کی تعداد ۳؍ ملین ہےجبکہ تکا رام منڈے کے۳ء۷؍ ملین فالوورز ہوچکے ہیں۔
مہاراشٹر کے مشہور آئی اے ایس افسر تکارام منڈے فوڈ اینڈڈرگ ایڈمنسٹریشن کے سربراہ بننے کے بعد سے مسلسل خبروں میں تو ہیں ہی لیکن تازہ انکشاف یہ ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی مقبول شخصیت بن چکے ہیں۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر بھی سرخیوں میں وہ ہی چھائے ہوئے ہیں۔ اگست۲۰۲۶ء میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس حقیقی سنگھم نے انسٹاگرام فالوورز اور انگیجمنٹ ریٹ کے معاملے میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جیسی اہم سیاسی شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کی سوشل میڈیا کی مقبولیت کو ان کے سخت انتظامی انداز اور ایف ڈی اے کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے ہوا دی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، تکارام منڈے کے انسٹاگرام پر تقریباً۳ء۷؍ملین فالوورز ہیں۔ ان کے انگیجمنٹ کی شرح تقریباً۲۰ء۳۵؍فیصد بتائی گئی ہے۔ اس کے مقابلے میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے تقریباً۲ء۹؍ملین فالوورز ہیں اور ان کے انگیجمنٹ کی شرح ۰ء۵۰؍ فیصد ہے۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے انسٹاگرام پر تقریباً۳۰؍ لاکھ فالوورز ہیں۔ ان کے مقابلے میں منڈے کے نہ صرف فالوورز کی تعداد زیادہ دکھائی دیتی ہے، بلکہ ان کی پوسٹس سے منسلک لوگوں کی تعداد بھی نمایاں طور پر زیادہ بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: صارفین بجلی کی آنکھ مچولی اور بیسٹ بجلی چوری سے پریشان
واضح رہےکہ تکارام ہری بھاؤ منڈے مہاراشٹر کیڈر کے ۲۰۰۵ء بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ طویل عرصے سے اصول وضوابط کے سخت نفاذ کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ وہ اپنی انتظامی سختی، قواعد و ضوابط کی پابندی اور گہرے معائنہ کیلئے جانے جاتے ہیں۔ مئی ۲۰۲۶ء سے مہاراشٹر ایف ڈی اے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے، منڈے نے فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت سے متعلق مسائل پر خصوصی زور دیا ہے۔ ان کی قیادت میں کھانے کے معیار کو بہتر بنانے، ریسٹورنٹ اور ہوٹلوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کے لیے کئی مہمیں چلائی گئیں۔
ان کے معائنے کے ویڈیوز کو منڈے کی سوشل میڈیا مقبولیت کی ایک بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔ ان ویڈیوز میں، وہ باورچی خانے کی صفائی، کھانے کے معیار اور ایکسپائری تاریخوں کا معائنہ کرنے کے لیے ریستورانوں اور ہوٹلوں کا دورہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کئی مواقع پر صفائی کے ناقص انتظامات، قابل اعتراض اشیائے خورونوش یا ضابطوں کی خلاف ورزیوں پرکارروائی کی خبریں منظر عام پر آئی ہیں۔ ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر دیکھا اور شیئر کیا جاتا ہے جس سے ایک انتظامی افسر کے طور پر ان کی سرگرمیاں عوام کے لیے براہ راست قابل مشاہدہ بن گئی ہیں۔