کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بحث کےبعد مودی وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے، میرے فون میں ثبوت ہیں اور وہ یہ جانتے ہیں کیوں کہ وہ میرا فون ٹیپ کرواتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 10:39 AM IST | Agency | New Delhi
کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ بحث کےبعد مودی وزیراعظم نہیں رہ پائیں گے، میرے فون میں ثبوت ہیں اور وہ یہ جانتے ہیں کیوں کہ وہ میرا فون ٹیپ کرواتے ہیں۔
راہل گاندھی نے جمعہ کو ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلی بحث کا چیلنج کیا اور طنز کیا کہ ’’مجھ سے بحث میں بھی آپ ٹیلی پرامپٹر لے آئیے ، جج بھی اپنی پسند کا بیٹھا لیجئے، آیئے تو صحیح، ملک جاننا چاہتا ہے کہ اصلی ملک دشمن کون ہے؟‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ براہِ راست مباحثہ سے یہ سوال ہمیشہ کیلئے حل ہوجائے گا کہ کون ملک دشمن اور بیرونی طاقتوں کے کنٹرول میں ہے ۔ بارہ دنوں میں راہل گاندھی نے ساتویں مرتبہ مودی کو آمنے سامنے کی کھلی بحث کا چیلنج کیا ہے۔ وہ انسٹا گرام پر ’’آسک می‘‘ (مجھ سے پوچھو) سیشن میں نوجوانوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ اس سوال پر کہ کیا اُن کے پاس ثبوت ہے، راہل گاندھی نے اپنا موبائل فون دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’اس میں تمام ثبوت موجود ہیں اور وزیر اعظم کو بھی معلوم ہے کیونکہ وہ میرا فون ٹیپ کراتے ہیں۔‘‘
ٹیلی پرامپٹر پر بھی نشانہ بنایا
بارہ دنوں میں ساتویں بار چیلنج کا اپنا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نےوزیراعظم پر طنز بھی کیا۔ حال ہی میں وزیراعظم نے ’دیوالی ملن‘ کے تحت صحافیوں سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر خطاب کیلئے بھی انہوں نے ٹیلی پرامپٹر کا استعمال کیا۔اس کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مودی جی ، اپنے ہی گودی میڈیا کے دیوالی ملن میں بھی ٹیلی پرامپٹر؟لوگ آپ کے، اسٹیج آپ کا ، پھر بھی اسکرپٹ چاہئے تھی؟لگتا ہے دباؤ میں گھبرا گئے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے انسٹا گرام لائیو کے دوران بھی نشاندہی کی کہ مودی انہیں نشانہ نہیں بنارہے ہیں کیوں کہ وہ گھبرا گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ میں اس موسمِ سرما گھروں کو گرم رکھنے کا خرچ ۷؍ فیصد سے زیادہ بڑھنے کا خدشہ
بحث کرلی تو وزیراعظم نہیں رہیں گے
راہل گاندھی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نے ان سے بحث کرلی تو ا ن کا سیاسی کریئر ختم ہو جائے گا اور وہ عہدے پر برقرار نہیں رہ سکیں گے۔کانگریس نے جمعہ کو راہل گاندھی کے انسٹا گرام لائیو کے کئی ویڈیو شیئر کئے ہیں۔ ایک ویڈیو میں کانگریس لیڈر نے کہا ’’میں بار بار یہی کہہ رہا ہوں، اگر وزیر اعظم مودی مجھ سے بحث کرنے آتے ہیں تو ان کا سیاسی کیریئرختم ہو جائے گا۔ وہ اور میں دونوں یہ جانتے ہیں۔ وہ مجھے مسلسل ’ملک دشمن‘ کہہ رہے ہیں، میں ملک کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اصل میں ملک دشمن کون ہے۔ کون کس کے زیر اثر ہے اور کب سے ہے اور وہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے بی جےپی کی پارلیمنٹ میں بحث کی پیشکش کا بھی جواب دیا اور کہا کہ کہ وہ ایسا مباحثہ نہیں چاہتے جس میں صرف تقریریں ہوں۔