ششی تھرور نے وزارت خارجہ کی منظوری کے باوجود ۱۱۵؍ مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کا الزام لگایا۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 10:38 AM IST | Agency | Hyderabad
ششی تھرور نے وزارت خارجہ کی منظوری کے باوجود ۱۱۵؍ مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کا الزام لگایا۔
ویزا جاری نہ کرنے کے الزامات اور صحافیوں کو شرکت سے روکنے کے دعووں کے درمیان جمعہ کوحیدرآباد میں کانگریس کی ’’بھارت سمِّٹ‘‘ کاآغاز ہوگیا۔ امید کی جارہی ہےکہ اس پروگرام کی بنا پر حیدرآباد ترقی پسند سیاسی قوتوں کیلئے بین الاقوامی مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ یہ بھارت سمٹ کا دوسرا ایڈیشن ہے جس میں ہندوستان اور تقریباً ۷۰؍ ممالک کے ایک ہزار کے قریب مندوبین کو مدعو کیاگیاہے۔ سمٹ میں دائیں بازو کی پالیسیوں کے متبادل اور ابھرتے ہوئے عالمی نظام پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ اس دوران ششی تھرور نے الزام لگایا ہے کہ وزارت خارجہ کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے باوجود ۱۱۵؍ مندوبین کو یاتو ہندوستان کا ویزا نہیں دیاگیا یا آخری مرحلہ میں انہیں آنے سے روک دیاگیا۔
یہ بھی پڑھئے: راہل بضد، بارہ د ِنوں میں ساتویں مرتبہ مودی کو چیلنج
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی جمعہ کی رات حیدرآباد پہنچ گئے ہیں۔ سنیچر کو وہ اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ اپنے نظریے اور ’’جبر پر مبنی اور غیر جمہوری‘‘ حکومتوں کے خلاف جاری جدوجہد کا لائحہ عمل پیش کرنے کے ساتھ یہ بھی بتائیں گے کہ گزشتہ برسوں کے دوران جمہوری اقدار نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو کس طرح تشکیل دیا ہے۔ اس اجتماع کی اہمیت اس لئے بھی بڑھ گئی ہے کہ برازیل، ہنگری اور سربیا کے انتخابی نتائج کے بعد ترقی پسند لیڈروں کی یہ پہلی بڑی بین الاقوامی میٹنگ ہے جو امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد منعقد ہورہی ہے۔ اس میں شرکت کرنے والی اہم بین الاقوامی شخصیات میں نیدرلینڈس کے سابق وزیر خارجہ برٹ کونڈرز، پرتگال کی سابق وزیر ماریا جواؤ روڈریگس، جکارتہ کے سابق گورنر انیس باسویدان، آئیوری کوسٹ کے سابق وزیر اعظم پاسکل افی این گیسن، جمہوریہ کوریا کے سابق وزیر خارجہ چنگ ای یو یونگ اور برازیل کی ورکرز پارٹی کے صدر ایڈینہو سلوا شامل ہیں۔