خود کشی کرنےوالے طلبہ کے والدین سے ملاقات کا ویڈیوشیئر کیا، کہا: مودی طلبہ کو معاف کرنے کی بات کرتے ہیںجبکہ معافی انہیں خود مانگنی چاہئے۔
تمل ناڈو میں راہل گاندھی خود کشی کرنےوالے طلبہ کے والدین کےساتھ - تصویر:آئی این این
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے انسٹا گرام پر بھی طلبہ کی حمایت میں وزیراعظم مودی کو گھیرنا شروع کردیا ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے جمعہ کی رات انسٹا پر جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں ان طلبہ کو معاف کرنے کی بات کہی تھی جنہوں نے مظاہروں کے دوران ان کو گالیاں دیں۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اتوار کوانسٹا پر ہی تمل ناڈو میں نیٹ پیپر لیک کی وجہ سے خودکشی کرنےوالے طلبہ کے والدین سے ملاقات کا ویڈیو شیئر کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی طلبہ کو ’’معاف‘‘ کرنے کی بات کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ طلبہ کو انصاف د ے اورمعافی مانگے۔
انہوں نے تمل ناڈو میں گوپیکا، روشنی اور ویتری آنندن کے اہل خانہ سے ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ ان تینوں نے نیٹ پیپر لیک اور امتحان منسوخ ہونے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ یہ تینوں طلبہ میڈیکل میں داخلہ کے خواہش مند تھے۔ان کی زندگیاں نیٹ پیپر لیک اور امتحان منسوخ ہونے کی وجہ سے ختم ہوگئیں۔ ہر خاندان کے سامنے ایک ہی تکلیف دہ سوال ہے کہ ایک بے ایمان سسٹم کی قیمت ایماندار اور محنتی طلبہ کو کیوں ادا کرنی پڑے؟‘‘ راہل گاندھی نے زور دیکر کہا کہ ’’خود کشی کے ہر ہندسے کے پیچھے ایک بچہ ہے جس کا کوئی خواب تھااور ایک خاندان ہے جو اب ناقابل تلافی نقصان کے ساتھ زندگی گزار رہا ہے۔‘‘کانگریس کے سابق صدر نے کہاکہ’’میں نے ان کا درد سنا۔ ہماری لڑائی ایسے تعلیمی نظام کیلئے ہے جہاں محنت کی قدر ہو، امتحانات منصفانہ ہوں اور اداروں کی ناکامی کی وجہ سے کسی طالب علم کو اس حد تک نہ جانا پڑے۔‘‘راہل گاندھی نے کہاکہ ’’وزیر اعظم طلبہ کو ’معاف‘ کرنے کی بات کرتے ہیں۔ ان والدین کی باتیں سننے کے بعد میرا یقین اور مضبوط ہوگیا ہے کہ ہندوستان کے طلبہ کو کسی معافی کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت ان کی مقروض ہےسچ کی، انصاف کی اور معافی کی۔‘‘ ویڈیو میں گاندھی کو خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔