ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر کابیان،کہا کہ اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ۷۶؍ لاکھ ووٹ ڈالے گئےتھے
EPAPER
Updated: June 20, 2025, 11:40 AM IST | Mumbai
ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر کابیان،کہا کہ اسمبلی الیکشن میں ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ۷۶؍ لاکھ ووٹ ڈالے گئےتھے
ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے تنازع پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد۷۶؍ لاکھ ووٹ ڈالے گئے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے نمائندے چیتن اہیرے نے اسی معاملے میں بامبے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی، جسے۳؍ فروری کو قبول کر لیا گیا۔ پرکاش امبیڈکر نے مزید کہا، ’’میں چیتن اہیرے کی نمائندگی کر رہا ہوں اور عدالت میں یہ معاملہ لڑ رہا ہوں، جس کے بعد الیکشن کمیشن کو نوٹس بھیجا گیا تھا۔ راہل گاندھی سے لے کر شرد پوار تک کسی کے پاس اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ عدالت میں جا کر اس کا ریکارڈ طلب کر سکیں۔‘‘
خیال رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے شبہات کا اظہار کیا تھا اوردھاندلی اور میچ فکسنگ کے الزامات لگائے تھے۔ اس پر حال ہی میں الیکشن کمیشن کے ذرائع نے ۹؍ نکاتی جواب دیا تھا۔ کمیشن کے اندرونی ذرائع نے راہل گاندھی اور ان کی پارٹی کانگریس پر غلط معلومات کے ذریعے سنسنی پھیلانے کا الزام لگایا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ راہل گاندھی کے خدشات پر باضابطہ جواب صرف اسی صورت میں دیا جا سکتا ہے جب وہ تحریری شکایت کریں۔ اب تک انہوں نے نہ کوئی خط بھیجا ہے اور نہ ہی ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق، کانگریس پارٹی کو۱۵؍ مئی۲۰۲۵ء کو کمیشن سے ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا، لیکن انہوں نے ملاقات سے گریز کیا اور مزید وقت مانگا۔
قابلِ ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے ووٹر لسٹ میں گڑبڑی، ضرورت سے زیادہ ووٹنگ اور جعلی ووٹ ڈالے جانے جیسے الزامات عائد کیے تھے۔ کانگریس اور اس کے اتحادی مہاراشٹر کی۲۸۸؍ اسمبلی سیٹوں میں سے صرف 46 سیٹیں ہی جیت سکے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر ٹال مٹول کا الزام لگایا اور لوک سبھا و مہاراشٹر اسمبلی سمیت حالیہ انتخابات کے لئے ڈیجیٹل ووٹر لسٹ شائع کرنے اور ووٹنگ کے دن شام۵؍ بجے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے کی بھی مانگ کی تھی۔