راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کھنڈوا ضلع تک پہنچ گئی ، پرینکا گاندھی بھی شامل

Updated: November 25, 2022, 10:11 AM IST | khandwa

بورگائوں سے یاترا کی شروعات کی گئی ، پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ سچن پائلٹ بھی پہنچے، اگلے ۱۰؍ دنوں تک یاترا کو عوام کی زبردست حمایت ملنے کی امید

Rahul Gandhi and Priyanka Gandhi trying to understand the problems of local people in Khandwa (Photo: PTI)
راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کھنڈوا میں مقامی افراد کے مسائل جاننے کی کوشش کرتے ہوئے ۔(تصویر: پی ٹی آئی )

نگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جو گزشتہ روز برہانپور کے راستے ایم پی میں داخل ہوئی ہے، جمعرات کو صبح مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع کے بورگاؤں سے شروع ہوئی۔ اس دوران پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی یاترا میں پہلی بار شرکت کی اور پارٹی کارکنوں کا حوصلہ بڑھایا۔  واضح رہے کہ ریاست میں یاترا کے دوسرے دن سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ۔ چونکہ یہ یاترا بی جے پی کے اقتدار والی ریاست سے گزر رہی ہے اس لئے سیکوریٹی زیادہ فراہم کی گئی ہے۔ 
 اس سے قبل سینئر لیڈروں اور پارٹی کارکنوں کی موجودگی میں راہل گاندھی نے مقررہ وقت کے مطابق صبح بورگاؤں سے پیدل یاترا کا آغاز کیا۔ پرینکا گاندھی ، جو  گزشتہ روز اندور پہنچی تھیں وہ بذریعہ سڑک یہاں تک آئیں اور انہوں نے بھی راہل کے قدم سے قدم ملائے۔  وہ  جمعہ اورسنیچر کو بھی یاترا کے ساتھ رہیں گی۔ ان کے علاوہ راجستھان میں کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ بھی یہاں پہنچے۔ ان کی یہاں موجودگی سے راجستھان میں سیاسی ہلچل ضرور شروع ہو گئی ہے۔  دوسری طرف ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، یاترا کوآرڈینیٹر دگ وجے سنگھ،  جے رام رمیش، ارون یادو، جیتو پٹواری اور درجنوں کانگریس لیڈر اور عہدیدار یاترا کے ساتھ  چل رہے ہیں۔ راہل گاندھی کی پیدل یاترا دن کے دس بجے دلہر پھاٹا پہنچی۔ اس کے بعد یاترا قبائلی علاقے اور مجاہد آزادی ’ تانتیا بھیل‘ کی جائے پیدائش بڑودہ اہیر پہنچے گی جہاں  اجلاس بھی ہوگا۔اس کے بعدراہل پنڈھانا میں گردوارہ صاحب  جائیں گے

 یاترا کا رات کا آرام روشیا کھیرڈا نامی جگہ پر ہوگا۔ جمعہ کو یہاں سے یاترا دوبارہ شروع ہوگی۔اس سے پہلے،  راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا بدھ کو مہاراشٹر کی سرحد سے مدھیہ پردیش کے برہانپور ضلع میں داخل ہوئی تھی۔ یہ یاترا صبح بودرلی سے شروع ہوئی اور مختلف پڑاؤ کے بعد شام کو کھنڈوا ضلع کے بورگاؤں پہنچی تھی۔کھنڈوا کے ساتھ ساتھ، یاترا کھرگون، اندور، اجین، اگرمالوا اضلاع سے گزر کر ۴؍دسمبر کو راجستھان کی سرحد میں داخل ہوگی۔ اس دوران راہل گاندھی ۲۶؍ نومبر کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو (اندور) پہنچیں گے اور ایک میٹنگ کریں گے۔ وہ اجین میں ایک جلسہ عام بھی کریں گے۔کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی `بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیا۔ ان کے شوہر رابرٹ واڈرا اور بیٹا ریحان بھی ان کے ساتھ پدایاترا میں شامل ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK