اسے ’’دہشت گردوں کی زبان‘‘ بتایا، معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، اپوزیشن لیڈر نےکہا : وزیراعظم نے معاشی نظام اڈانی اور امبانی کے حوالے کردیا ہے
EPAPER
Updated: May 21, 2026, 1:11 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
اسے ’’دہشت گردوں کی زبان‘‘ بتایا، معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، اپوزیشن لیڈر نےکہا : وزیراعظم نے معاشی نظام اڈانی اور امبانی کے حوالے کردیا ہے
کانگریس لیڈر راہل گاندھی جو اپنے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کے دورہ پر ہیں، نے بدھ کو ملک کے معاشی حالات کے حوالے سے بی جے پی حکومت، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور آر ایس ایس کو سختی سے نشانہ بنایا۔ یہاں منعقدہ ’بہوجن سوابھیمان سبھا‘ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور آر ایس ایس کو ملک کا غدار قرار دیا اور الزام لگایا کہ یہ لوگ آئین، بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر اور مہاتما گاندھی کے نظریات پر مسلسل حملہ کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کے بیان پر بی جے پی نےسخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے کانگریس رہنما سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
رائے بریلی کے انقلابی رہنما ویرا پاسی کی یاد میں منعقدہ اس جلسے میں راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کے عوام کو اب خاموش نہیں رہنا چاہئے،انہیں آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب آر ایس ایس کے کارکن آپ کے گھروں میں آکر نریندر مودی اور امیت شاہ کی تعریف کریں تو انہیں صاف بتا دیجئے کہ ان لوگوں نے ملک کو چند صنعت کاروں کے ہاتھوں فروخت کر دیا ہے اور آئین کو کمزور کیا ہے۔راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دن رات آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کو کمزور کیا جا رہا ہے، ذات پر مبنی مردم شماری نہیں کرائی جا رہی اور ملک کے وسائل صرف چند بڑے صنعت کاروں امبانی اور اڈانی کے حوالےکئے جا رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ آئین میں دیئے گئے ریزرویشن، سرکاری شعبے اور آزاد عدلیہ جیسے اداروں کو بھی بی جے پی اور آر ایس ایس ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
راہل گاندھی نے ملک کے معاشی حالات اور مودی سرکار کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوگی، جس کے نتیجے میں ہندوستان میں پیٹرول، ڈیزل، گیس اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوگا۔
ایسی مہنگائی ہوگی جو کبھی دیکھی نہیںگئی
راہل گاندھی نے متنبہ کیا کہ آنے والے دو سے تین مہینوں میں ہی ملک میں ایسی مہنگائی دیکھنے کو مل سکتی ہے جو عوام نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہو۔ کانگریس لیڈر نے نوٹ بندی اور کورونا لاک ڈاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان فیصلوں نے عوام کو تباہ کر دیا جبکہ بڑے صنعت کاروں کے ہزاروں کروڑ روپئے کے قرض معاف کر دیئےگئے۔
ووٹروں کے نام کاٹے جارہے ہیں
راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور ووٹر لسٹوں کے خصوصی نظرثانی عمل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جو لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ان کے نام ووٹر لسٹوں سے ہٹائے جا رہے ہیں۔ بنگال میں ایس آئی آر میں کاٹے گئے ناموں کے پس منظر میں انہوں نے کہا کہ ایک شخص ایک ووٹ کے آئینی اصول کو کمزور کیا جا رہا ہے۔