کانگریس کے صدردفتر میں لیڈران اور کارکنان کی موجودگی میں راہل نے کیک کاٹا،یوتھ کانگریس نے دہلی میں روزگار میلہ منعقد کیا۔
EPAPER
Updated: June 20, 2026, 1:34 PM IST | New Delhi
کانگریس کے صدردفتر میں لیڈران اور کارکنان کی موجودگی میں راہل نے کیک کاٹا،یوتھ کانگریس نے دہلی میں روزگار میلہ منعقد کیا۔
لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر اورکانگریس کے رکن پارلیمان راہل گاندھی جمعہ کو ۵۶؍ سال کے ہو گئے۔ وہ اپنی بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ دہلی میں واقع کانگریس ہیڈکوارٹر اندرا بھون پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگےاورلیڈران وکارکنوں کی موجودگی میں کیک کاٹ کر اپنی سالگرہ منائی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے مختلف وِنگ کی جانب سے ملک بھر میں بلڈ ڈونیشن کیمپ ، پھلوں کی تقسیم اور اس طرح کے فلاحی کام انجام دیئے گئے۔
کس نے کیا کہا؟
وزیر اعظم نریندر مودی نے راہل گاندھی کو انکی سالگرہ کے موقع پر جمعہ کو مبارکباد دی ۔ مودی نے سوشل میڈیا ایکس پرلکھا، ’’لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی جی کو ان کی سالگرہ پر بہت بہت مبارکباد۔ ان کی اچھی صحت اور لمبی عمر کی خواہش کرتا ہوں۔‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نےراہل گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے نظریات کے تئیں ان کی اٹوٹ وابستگی اور جدوجہد لاکھوں لوگوں کے لیے مشعلِ راہ بنی ہے۔کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ کانگریس کی شمولیت، سماجی انصاف، ہم آہنگی اور ہمدردی کی روایت راہل گاندھی کی عوامی زندگی اور قیادت میں واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان مسلسل فعال رہنے اور اقتدار کے سامنے سچ بولنے کے حوصلے کے ذریعے راہل نے ہمیشہ سماج کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے مفادات کی آواز بلند کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گریش مہاجن کی ملاقات کے بعد روی کانت توپکر کی بھوک ہڑتال ختم
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے سربراہ سی جوزف وجے نے نے اپنے پیغام میں کہا، ’’میرے عزیز بھائی، راہل گاندھی کو سالگرہ کی دلی مبارکباد۔ میں آپ کی اچھی صحت اور دراز عمری کیلئے دعا گو ہوں تاکہ آپ ملک کی ترقی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور تمام طبقات کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں۔ ‘‘ علاوہ ازیں لوک سبھا کےا سپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر کرن رجیجو، مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو،ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن ،جے ایم ایم سربراہ ہیمنت سورین ،آرجے ڈی سربراہ تیجسوی یادو، این سی پی (شرد) کی لیڈر سپریہ سُلے، شیوسینا یوبی ٹی لیڈر سنجے راؤت،وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش ساہنی، آدتیہ ٹھاکرے، ابھیشیک بنرجی، مہواموئترا، شتروگھن سنہا،کمل ہاسن،وائیکو، نوین جندل ، رتیش دیشمکھ و دیگر نے بھی مبارکباد پیش کی۔