Inquilab Logo

راہل گاندھی نے مودی سرکار کو للکارا، مجھے بھی گرفتار کرو

Updated: May 17, 2021, 12:24 PM IST | Agency | New Delhi

مودی کے خلاف پوسٹروں کی حمایت ،گرفتاریوں کی مذمت ، کانگریس نے کہا : سخت سوال پوچھے جائیں گے، سب کو گرفتار کرلو

The posters that led to the arrests. .Picture:INN
وہ پوسٹر جن کی بنیاد پر گرفتاریاں ہوئیں۔ ۔تصویر :آئی این این

زیراعظم نریندر مودی سےپوسٹر کے ذریعہ یہ سوال کرنے پر کہ ’’مودی جی،  ہمارے بچوں کی ویکسین  بیرون ملک کیوں بھیجی‘‘ ۲۵؍ سے زائد افراد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے راہل گاندھی نے للکارا ہے کہ ’’مجھے بھی گرفتار کرو۔‘‘ اس کیلئے انہوں نے اس پوسٹر کی تصویر ٹویٹ کی ہے جس کی بنیاد پر گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ پرینکا گاندھی اور پی چدمبرم نے بھی مودی سرکار  سے پوچھے گئے اس سوال کی تائید کی ہے اور گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔ مودی حکومت کو کارروائی کا چیلنج دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے مذکورہ پوسٹر کو ٹویٹر پر اپنا ڈی پی بنا لیا ہے۔  پرینکا گاندھی کی پیروی کرتے ہوئے  کانگریس کے کئی دیگر لیڈروں نے بھی اپنے ڈی پی تبدیل کرکے پوسٹر کو ڈی پی بنا لیا ہے۔  واضح رہے کہ واضح رہے کہ وزیراعظم مودی  سےسوال پوچھنے والے پوسٹر لگانے کی پاداش میں دہلی پولیس نے کئی ایف  آئی آر درج کی ہیں۔ کانگریس کے لیڈر جے رام رمیش نے اتوار کو  وزیراعظم اور وزیرداخلہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ  انہوں نے بھی اپنے کمپاؤنڈ میں   یہ پوسٹر لگائے ہیں،انہیں بھی گرفتار کیا جائے۔ کانگریس لیڈر شپ نے واضح کردیا ہے کہ مودی سرکار سے تلخ سوال کئے جائیں گے، وہ چاہئے تو سب کو گرفتار کرلے۔  جے رام رمیش نے کہا  ہےکہ’’وزیراعظم کے تعلق سے تنقیدی پوسٹر لگانا اب جرم بن گیا ہے؟ کیا ہندوستان موڈی پینل کوڈ  کے تحت چل رہاہے؟کیا اس وبائی دور میں  مودی پولیس  کے پاس کام کی اتنی کمی  ہے؟‘‘ انہوں  نے چیلنج کیا کہ ’’میں کل اپنے کمپاؤنڈ کی دیوار پر پوسٹر لگاؤں گا، آؤ اور مجھے بھی گرفتار کرلو۔‘‘
 کانگریس ترجمان پون کھیرا نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیاہے کہ ’’اگر عوام ٹیکے، دوا  اور آکسیجن نہیں ملے گی تو حکومت سے تلخ سوال پوچھے  جائیں گے۔ کانگریس ترجمان نے بھی کہا کہ ’’میرا ٹیکہ کہا ہے؟میراآکسیجن کہا ں ہے؟ ہم آپ سے سوال کرتے رہیں گے، ہمیں بھی گرفتار کرلیجئے۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بہت سے کورونا متاثرین کو مرنے سے بچایا جاسکتاتھا۔ ان کی موت کورونا سے نہیں بلکہ حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK