Inquilab Logo

پونے حادثے پر راہل گاندھی کی تنقید، فرنویس چراغ پا

Updated: May 23, 2024, 9:05 AM IST | Pune

راہل نے کہا مودی حکومت نے ۲؍ طرح کے ہندوستان بنا رکھے ہیں جہاں ٹرک ڈرائیوروں کو حادثے پر ۱۰؍ سال کی جیل ہوتی ہے اور رئیس زادوں کو مضمون لکھنے کہا جاتا ہے

Rahul Gandhi: Why are rickshaw pullers not asked to write an essay after the accident? (File Photo)
راہل گاندھی: رکشا والوں کو حادثے کے بعد مضمون لکھنے کیوں نہیں کہا جاتا؟(فائل فوٹو)

 گزشتہ دنوں پونے میں ایک ۱۷؍ سالہ رئیس زادے کی کار سے ۲؍ نوجوانوں کی موت کے بعد اسے فوری طور پر ضمانت مل جانے سے نہ  صرف مقامی سطح پر ناراضگی ہے بلکہ سیاسی سطح پر بھی اس پر تنقیدیں ہو رہی ہیں لیکن منگل کی رات  راہل گاندھی کی جانب اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرنے سے بی جے پی چراغ پا ہو گئی ہے ۔ 
  یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کی علی الصباح پونے کے کلیانی نگر میں ایک ۱۷؍ سالہ رئیس زادے کی مہنگی پوشے کار سے بائیک پر سوار ایک لڑکا اور لڑکی کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے لڑکے کوگرفتار کیا لیکن چند گھنٹوں میں ا سے ضمانت مل گئی ۔ ضمانت کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ سڑ ک پر ہونے والے حادثات کوروکنے کیلئے اقدامات اور شراب کے نقصانات پر وہ ۳۰۰؍ الفاظ پر مشتمل مضمون لکھ کر جمع کروائے۔ اس کی وجہ سے پونے میں ناراضگی پھیل گئی۔ ہنگامہ بڑھا تو لڑکے کاباپ کو گرفتار کیا گیا۔  اسی تعلق سے   کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کی رات ایک ویڈیو جاری کیا  جس میں انہوں نے نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’مودی جی نے ۲؍ طرح کے ہندوستان قائم کر دیئے ہیں جہاں دولت کو دیکھ کر انصاف کیا جاتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ایک وہ ہندوستان ہے جہاں کوئی ٹرک ڈرائیور یا اولا ڈرائیور غلطی کسی کو ٹھوک دے اور اس کی موت ہو جائے تو  اسے ۱۰؍ سال کیلئے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ جبکہ دوسرے ہندوستان میں اگر دولتمند باپ کا  ایک ۱۶؍ یا ۱۷؍ سال کابیٹا شراب کے نشے میں دھت گاڑی چلاتے ہوئے کسی کی جان لے لے تو اسے مضمون لکھنے کیلئے کہا جاتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا ’’ آپ کسی رکشا ڈرائیور کو مضمون لکھنے کی سزا کیوں نہیں دیتے؟ آپ کسی ٹرک ڈرائیور کو مضمون لکھنے کی سزا کیوں نہیں دیتے؟ اولا اوبیر والے کو مضمون لکھنے کی سزا کیوں نہیں دیتے؟‘‘ ’’ انہوں نے کہا سوال سزا کا نہیں ہے۔ سوال انصاف کا ہے۔ امیر اور غریب دونوں ہی کو انصاف ملنا چاہئے۔  اسی لئے ہم نا انصافی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ‘‘ 
 راہل کے بیان پر فرنویس چراغ پا
 راہل گاندھی کا ویڈیو آتے ہی دیویندر فرنویس برہم ہو گئے۔ انہوں نے کہا ’’ کل راہل گاندھی نے پونے ایکسیڈنٹ کے تعلق سے ایک ویڈیو جاری کیا۔ میرا خیال ہے کہ راہل گاندھی کی پونے کار ایکسیڈنٹ کو سیاسی رنگ دینے کی ایک سطحی کوشش ہے۔‘‘ فرنویس کے مطابق ’’ پولیس نے اس معاملے میں تندہی کے ساتھ کارروائی کی۔ ہم نے بھی جوینائل جسٹس بورڈ کے فیصلے پر حیرانی ظاہر کی۔ پولیس نے اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل بھی کی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ پولیس نے اس معاملے  میں تمام ضروری اقدامات کئے ہیں کہیں بھی کوتاہی نہیں برتی۔ ہر معاملے  میں انتخابی سیاست کو کھینچ لانے کی راہل گاندھی کی کوشش  غلط ہے اور میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK