ممبئی ایئر پورٹ پر گزشتہ ۲؍ مہینوں میں ایسے ۲۸؍ غیرمقیم ہندوستانی پکڑے گئے جن کے پاس ہندوستانی پاسپورٹ تھا، الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کیاگیا۔
حکام کو اندیشہ ہے کہ این آر آئی مقامی الیکشن میں ووٹ ڈالتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
عروس البلاد کی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے انتخابات سے قبل ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے گزشتہ ۲؍ماہ کے دوران تقریباً ۲۸؍ غیر رہائشی ہندوستانیوں (NRIs) کو روکا ہے، جو غیر ملکی شہریت رکھنے کے باوجود ہندوستانی ووٹرس آئی ڈی کارڈ اپنے پاس رکھے ہوئے تھے۔امیگریشن حکام نے تمام ووٹر آئی ڈی کارڈز ضبط کر کے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اطلاع دے دی ہے، جس کے بعد ان کارڈس کو منسوخ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جن افراد کے ووٹر آئی ڈی ضبط کئے گئے ہیں ان میں زیادہ تر کنیڈا، امریکہ، نیپال اور آسٹریلیا کے شہری ہیں۔ واضح رہے کہ بی ایم سی انتخابات ۱۵؍ جنوری کو ہوں گے اور نتائج ۱۶؍ جنوری کو ظاہر کئے جائیں گے۔ انتخابات کے پیش نظر گزشتہ ۲؍ ماہ سے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال سخت کر دی گئی ہے۔ امیگریشن ڈپارٹمنٹ کے ایک ذرائع نے ادارہ انقلاب کے نمائندہ کو بتایا کہ ’’ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرس پر پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے۔ خاص طور پر این آر آئی مسافروں کے ووٹر آئی ڈی کارڈس پر نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ غیر ملکی شہریت اختیار کرنے کے بعد وہ ہندوستان میں ووٹ ڈالنے کے اہل نہیں رہتے۔‘‘ واضح رہے کہ ہندوستان دُہری شہریت کی اجازت نہیں دیتا ۔اس لئے اگر کوئی ہندوستانی شہری کسی اور ملک کی شہریت حاصل کرلے تو اس کی ہندوستانی شہریت اپنے آپ ختم ہو جاتی ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی این آر آئیز نے مبینہ طور پر غلط معلومات فراہم کر کے الیکشن کمیشن سے ووٹر آئی ڈی کارڈ حاصل کرلئے ہیں۔ان میں سے بہت سے افراد کے اہل خانہ ہندوستان میں مقیم ہیں اور یہ لوگ ویزا فری یا طویل مدتی ویزے پر اکثر ملک آتے جاتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کے پتے استعمال کر کے خود کو ہندوستان کا رہائشی ظاہر کیا اور ووٹر آئی ڈی بنوا لیا ہے۔ ایک اور امیگریشن افسر نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ میں این آر آئی مسافروں سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی اور دستاویزات کی جانچ کے دوران ۲۸؍ ووٹر آئی ڈی کارڈس ضبط کئے گئے۔
حکام نے وضاحت کی کہ اگرچہ این آر آئیز قانونی طور پر آدھار اور پین کارڈ رکھ سکتے ہیں لیکن وہ ووٹر آئی ڈی کے حقدار نہیں ہوتے۔ یہ افراد مبینہ طور پر اپنے شہریت والے ممالک میں بھی ووٹ ڈالتے ہیں اور ہندوستان میں بھی ووٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے جو ضابطے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔امیگریشن حکام نے بتایا کہ یہ ووٹر آئی ڈی کارڈس معمول کی امیگریشن جانچ کے دوران سامنے آئے۔ جب این آر آئی مسافروں سے سوالات کئے گئے تو کچھ نے ہندوستانی ووٹر آئی ڈی کارڈ پیش کئے۔ قومیت کی تصدیق کے بعد کارڈ ضبط کر کے رپورٹ کر دی گئی ہے۔امیگریشن حکام نے تمام معاملات کی تفصیل اوورسیز سٹیزن آف انڈیا(او سی آئی)سیکشن اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھیج دی ہیں، جس کے بعد متعلقہ ووٹر آئی ڈی کارڈز کو باضابطہ طور پر منسوخ کیا جائے گا۔