سدارمیا سرکار نے۱ء۱؍ کروڑ خواتین کیلئے ۲؍ ہزار روپے ماہانہ مالی تعاون کا وعدہ بھی وفا کردیا، راہل گاندھی نے یاددہانی کرائی کہ ’’ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے‘‘
EPAPER
Updated: August 31, 2023, 10:24 AM IST | Bangalore
سدارمیا سرکار نے۱ء۱؍ کروڑ خواتین کیلئے ۲؍ ہزار روپے ماہانہ مالی تعاون کا وعدہ بھی وفا کردیا، راہل گاندھی نے یاددہانی کرائی کہ ’’ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے‘‘
:کرناٹک اسمبلی الیکشن کے دوران کئے گئے ایک اور اہم وعدے کو وفا کرتے ہوئے بدھ کو سدارمیا سرکار نے ’’گرہ لکشمی‘‘ اسکیم کا بھی افتتاح کردیا۔اس اسکیم کے تحت کرناٹک کی ۱ء۱؍ کروڑ خواتین کو جو اپنے خاندان کی سربراہ ہیں، ۲؍ ہزار روپے ماہانہ مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اسکیم کا افتتاح کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کیا جبکہ راہل گاندھی نے کرناٹک میں انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ وہ اسی ماڈل کو پورے ملک میں دہرانا چاہتےہیں۔ کانگریس کے سابق صدر نے اس موقع پر بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے، جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔‘‘
’گرہ لکشمی‘ اسکیم کا افتتاح
ملکارجن کھرگے کے ہاتھوں بدھ کو میسور میں کرناٹک حکومت کی گرہ لکشمی اسکیم کا افتتاح ہوا۔ اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی ، کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور رندیپ سرجے والا موجود تھے۔مہاراجا کالج گراؤنڈ پر اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ہزاروں شہریوں کی بھیڑ تھی ۔ ’’گرہ لکشمی اسکیم‘‘ ان ۵؍ انتخابی گارنٹیوں میں سے ایک ہے جن کی بنیاد پر چلائی گئی انتخابی مہم نے بی جےپی کو کرناٹک میں تاریخی شکست سے دوچار کیا۔ بدھ کو جیسے ہی اسکیم کا افتتاح ہوا، ۲؍ ہزار روپے اُن ایک کروڑ۹؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار خواتین کے کھاتوں میں پہنچ گئے جنہوں نے اسکیم کیلئے رجسٹریشن کرایا تھا۔ اس اسکیم کا فائدہ ان خواتین کو ملے گا جن کے نام پر راشن کارڈ ہے۔ انکم ٹیکس ادا کرنے والی خواتین اس اسکیم کیلئےاہل نہیں ہوں گی۔
۴؍ وعدے وفا، دسمبر میں ۵؍ واں پورا ہوگا
اس سے قبل وزیراعلیٰ سدارمیا نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے اپنے پہلے ۱۰۰؍ دنوں میں ۵؍ میں سے ۳؍ انتخابی وعدے ’شکتی‘، ’گرہ جیوتی‘، انّ بھاگیہ‘پورےکردیئےہیں۔ بدھ کو گرہ لکشمی اسکیم کے افتتاح کے ساتھ ہی چوتھا وعدہ بھی پورا ہو گیا۔ گرہ لکشمی اسکیم کیلئے ریاستی حکومت نے ۱۷؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ پانچواں وعدہ جو ’یوا نِدھی‘ ہے، دسمبر میں پورا کیا جائےگا۔ اس کے تحت ریاست میں بے روزگار گریجویٹس اور ڈپلومہ ہولڈرس کو ۳؍ ہزار روپے سے ۱۵۰۰؍ روپے تک ماہانہ بیروزگاری بھتہ دیا جائےگا۔
کرناٹک ماڈل دہرانے کا عزم
گرہ لکشمی اسکیم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے زوردیکر کہا کہ ’’ہم نے جو وعدے کئے وہ پورے کئے، ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ ’’کرناٹک میں ہم نے جس طرح کام کیا ہے،اسے پورے ملک میں دہرایاجائےگا۔‘‘ راہل گاندھی نے کہاکہ ’’کانگریس کی ۵؍ ضمانتیں، محض اسکیم نہیں ہیں بلکہ حکمرانی کا ماڈل ہیں۔‘‘
دنیا کی سب سے بڑی کیش ٹرانسفر اسکیم
راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ گرہ لکشمی اسکیم دنیا کی سب سے بڑی کیش ٹرانسفر اسکیم ہے جس کے تحت زائد از ایک کروڑ خواتین کے کھاتے میں ہر ماہ براہ راست ۲؍ ہزار روپے ٹرانسفر کئے جائیں گے۔ کرناٹک سرکار کی اسکیموں کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بتایا کہ ’’شکتی‘‘ خواتین کو سرکاری بسوں میں مفت سفرکی سہولت فراہم کرتی ہے جبکہ ’’گرہ جیوتی ‘‘ہر ماہ ۲۰۰؍ یونٹ مفت بجلی فراہم کرتی ہے۔ ’’انّ بھاگیہ‘‘ کے تحت ماہانہ ۱۰؍ کلو چاول مفت فراہم کیا جاتاہے۔
مودی سرکار پر راہل گاندھی کا حملہ
اس موقع پر راہل گاندھی نے مودی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ان دنوں ایک فیشن ہے کہ دہلی میں حکومت صرف ارب پتیوں کے لیے کام کرتی ہے مگر ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں۔ ہم نے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے، وہ حکومت سازی کے۱۰۰؍ دنوں کے اندر پورے ہو گئے ہیں۔ ان ۵؍ وعدوں میں سے ۴؍ خواتین کیلئے ہیں۔ اس کے پیچھے ہماری سوچ یہ ہے کہ جس طرح ایک بڑا درخت مضبوط جڑوں کے بغیر کھڑا نہیں رہ سکتا، اسی طرح کرناٹک کی طاقت کی بنیاد یہاں کی مائیں اور بہنیں ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ اس اسکیم سے خواتین کو تحفظ ملے گا۔ ‘‘