نوجوانوں کو نرمی اور ثابت قدمی کا مشورہ دیا۔ شناخت، بے چینی، کامیابی، ناکامی اور سماجی فیصلوں سےمتعلق امور پر تفصیلی بات چیت، ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کیا۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 10:36 AM IST | New Delhi
نوجوانوں کو نرمی اور ثابت قدمی کا مشورہ دیا۔ شناخت، بے چینی، کامیابی، ناکامی اور سماجی فیصلوں سےمتعلق امور پر تفصیلی بات چیت، ویڈیو یوٹیوب پر شیئر کیا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے متحدہ عرب امارات سے آنےوالے غیر مقیم ہندوستانی ’جین زی‘ طلبہ سے اتوار کو نئی دہلی میں ملاقات اور مختلف امور پر گفتگو کی۔ ’’حقیقی سوال، ایماندارانہ جواب، کوئی فلٹر نہیں ‘‘ کے عنوان سے یوٹیوب پر شیئر کئے گئے ویڈیو میں راہل گاندھی سے نوجوانوں نے شناخت، مقصد، پیشے اور شوق میں توازن، بے چینی، خود اعتمادی کی کمی اور سماجی فیصلوں جیسے موضوعات پر سوالات کئے۔
ویڈیو میں ایک طالب علم نے پوچھا کہ اکثر طلبہ یہ سمجھ نہیں پاتے کہ وہ اپنے پیشے کو اپنے شوق کے ساتھ کیسے جوڑیں۔ اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ دل سے کرنا چاہتا ہو بشرطیکہ اس کی نیت درست ہو۔ ان کے مطابق صحیح ارادہ اور مثبت رویہ زندگی میں راستہ متعین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی زندگی کا سفر اپنی سوچ اور خواہش کے مطابق طے کرنے کا حق ہونا چاہیے اور اسے مذہب یا کسی اور شناخت کی بنیاد پر محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زندگی کبھی سیدھی لکیر میں نہیں چلتی۔ ان کے مطابق بعض لوگ ہر قدم پہلے سے طے کرنا چاہتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ لچکدار رہیں اور ثابت قدمی اختیار کریں کیونکہ یہی دو خصوصیات انہیں آگے بڑھنے میں مدد دیں گی۔ کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اصل کامیابی ہر صورتحال میں خود کو پُرسکون اور مطمئن رکھنا ہے۔