• Mon, 09 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: جی ایم مومن ویمنس کالج میں ’شخصیت سازی اور کردار سازی‘ کے عنوان پراجلاس

Updated: February 09, 2026, 12:18 PM IST | Bhiwandi

یہ پروگرام کالج کے شعبۂ اسلامیات، فلسفہ، آئی کیو اے سی اور شعبۂ اُردو کے اشتراک سے ’’شخصیت سازی اور کردار سازی‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد کیا گیا۔

Addressing the students, Editor-in-Chief Shahid Latif, while on the stage, Professor Umar Farooq, Abdul Aziz Ansari, Principal Dr. Tabassum Sheikh, Ameer Hamza Saqib and Dr. Nooruddin Sheikh. Photo: INN
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مدیر انقلاب شاہد لطیف، جبکہ اسٹیج پردائیں سے پروفیسر عمر فاروق، عبدالعزیز انصاری، پرنسپل ڈاکٹر تبسم شیخ، امیر حمزہ ثاقب اور ڈاکٹر نورالدین شیخ۔ تصویر: آئی این این

’’شخصیت صرف آپ کی ظاہری خصوصیات کا مجموعہ نہیں کہ آپ نے اچھا لباس پہن لیا، چلنے پھرنے، اٹھنے بیٹھنے، کھانے پینے اور محفل کے آداب سیکھ لیے بلکہ شخصیت ظاہری خوبیوں کے ساتھ ساتھ انسان کے باطنی امتیازات کی عکاس ہوتی ہے۔ شخصیت، انفرادیت کی وہ جھلک ہے جو انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتی ہے اور اُسے کامیابی کے راستے پر گامزن کرتی ہے۔ ‘‘ ان خیالات کا اظہار روزنامہ انقلاب کے مدیر شاہد لطیف نے جی ایم مومن ویمنس کالج میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 
یہ پروگرام کالج کے شعبۂ اسلامیات، فلسفہ، آئی کیو اے سی اور شعبۂ اُردو کے اشتراک سے ’’شخصیت سازی اور کردار سازی‘‘ کے عنوان کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں طالبات کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اپنے خطاب کے دوران شاہد لطیف نے اس امر پر زور دیا کہ ہماری روزمرہ زندگی میں چھوٹی چھوٹی عادتیں اور معمولی نظر آنے والے اخلاقی اعمال دراصل انسان کی شخصیت کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم میں سے اکثر افراد زندگی کی ان باریک مگر اہم باتوں کو نظرانداز کر دیتے ہیں، حالاں کہ یہی چھوٹے چھوٹے رویے انسان کے اندر مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنتے ہیں اور مستقبل میں مضبوط شخصیت اور باوقار کردار کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مختلف دلنشین تمثیلوں اور سادہ مثالوں کے ذریعے انہوں نے طالبات میں خود اعتمادی، ایثار، ہمدردی اور امدادِ باہمی جیسے اعلیٰ انسانی اوصاف کی اہمیت کو واضح کیا۔ انھوں نے طالبات کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ ان اصولوں کو محض گفتار تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی زندگی میں اسے آج ہی سے نافذ کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کئی علاقوں میں ۱۰؍ فروری سے ۱۴؍ گھنٹے پانی سپلائی متاثر رہے گی

اس موقع پر انھوں نے طالبات سے اس عزم کا وعدہ بھی لیا کہ وہ اپنی شخصیت و کردار کی تعمیر کیلئے سنجیدہ اور مستقل کوشش کریں گی۔ پروگرام کا آغاز شعبۂ ریاضی کے اسسٹنٹ پروفیسر عمر فاروق کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے محفل کو روحانی فضا عطا کی۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی شاہد لطیف کا پُرتپاک استقبال کالج کی پرنسپل ڈاکٹرتبسم شیخ نے کیا اور اپنے خیر مقدمی کلمات میں کالج کی تعلیمی و غیر نصابی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ مہمانِ خصوصی کا تعارف شعبۂ اردو کے صدر امیر حمزہ ثاقب نے نہایت جامع اور مؤثر انداز میں پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر نورالدین شیخ (صدرِ شعبۂ اسلامیات) نے رسمِ شکریہ ادا کی اور تمام مہمانان، اساتذہ اور طالبات کے تعاون کو سراہا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ٹی وائے بی اے کی طالبہ ماہرہ خان نے نہایت اعتماد اور حسنِ ترتیب کے ساتھ انجام دیئے، جس سے پروگرام کی مجموعی خوب صورتی میں اضافہ ہوا۔ یہ پروگرام طالبات کیلئے فکری بالیدگی اور اخلاقی تربیت کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK