Inquilab Logo

راہل گاندھی نے یو اے پی اے کے بے جا اطلاق کیخلاف آواز بلند کی

Updated: November 09, 2021, 9:59 AM IST | new Delhi

تریپورہ سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا، صحافیوں، سماجی کارکنان اور سوشل میڈیا صارفین کے خلاف کارروائی کو سچائی چھپانے کی کوشش بتایا

Congress leader Rahul Gandhi.
کانگریس لیڈر راہل گاندھی

 تریپورہ میں مسلم کش فسادات کی فیکٹ فائنڈنگ  رپورٹ تیار کرنے والے سپریم کورٹ کے وکلاء اور اس تشدد کے خلاف سوشل میڈیا پر آواز بلند کرنے والے افراد پر یو اے پی اے کے اطلاق کے خلاف کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی پیر کو صدائے احتجاج بلند کی۔ راہل گاندھی نے اسے سچائی کو چھپانے کی کوشش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بی جےپی کا پسندیدہ طریقہ کار ہے۔ 
   تریپورہ کی بی جےپی حکومت نے سوشل میڈیا پر تریپورہ میں مسلم کش تشدد کی اطلاع دینے یا اس  کے خلاف آواز بلند کرنے والے ۱۰۲؍ صارفین  کے خلاف یو اے پی اے  کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ ان میں دو ایک کو چھوڑ کر بقیہ تمام صارفین  مسلمان ہیں اور اکثر نوجوان ہیں۔ 
 جن پر یو اے پی اے کا اطلاق کیاگیاہے ان میں معروف صحافی اور حقوق انسانی کے علمبردار شیام میرا سنگھ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے صرف یہ ٹویٹ کیاتھا کہ ’’تریپورہ جل رہاہے۔‘‘ اس کی بنیاد پر درج کئے گئے یو اے پی اے کے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے پیرکو ٹویٹ کرکے تریپورہ کی بی جےپی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’یہ نشاندہی کرنا کہ ’تریپورہ جل رہاہے‘ اصل میں اصلاحی اقدامات کی طرف توجہ مبذول کرانے کی کوشش ہے مگر سچائی کو چھپانے کی بی جےپی  کی پسندیدہ حکمت عملی پیغام رساں کو ہی نشانہ بنانے کی ہے۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ ’’یو اے پی اے کے ذریعہ حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا۔‘‘  اس سے قبل راہل گاندھی تریپورہ تشدد پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ’’تریپورہ  کے ا  ندر ہمارے مسلمان بھائیوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ جو لوگ ہندو کے نام پر نفرت اور تشدد پھیلا رہے ہیں، وہ ہندو نہیں بلکہ منافق ہیں۔
 اس بیچ ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا کےبعد پیرکو انڈین ویمنس پریس کورپس نے بھی تریپورہ حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے صحافیوں  کے خلاف  یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کرنے کو انہیں ’’ڈرانے اور خاموش کرنے‘‘ کی کوشش قراردیاہے۔ اس کے ساتھ ہی تنظیم نے مذکورہ مقدمات کو فوری طورپر واپس لینے کی مانگ کی ہے۔ انڈین ویمنس پریس کورپس  نے کہا ہے کہ وہ تریپورہ پولیس کی اس کارروائی سے ’’حیران اور مایوس‘‘ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK