آلودگی کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا،مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا: ہم بحث کیلئے تیارہیں
EPAPER
Updated: December 13, 2025, 8:50 AM IST | New Delhi
آلودگی کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا،مرکزی وزیر کرن رجیجو نے کہا: ہم بحث کیلئے تیارہیں
دہلی میں شدید فضائی آلودگی کا مسئلہ آج لوک سبھا میں اٹھایا گیا اور اس مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کیا گیا۔ قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے حکومت پر وار کرتے ہوئے آلودگی کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے اس پر جامع منصوبہ بنانے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ اس پر تفصیلی بحث ہونی چاہئے، جس پر مرکزکی جانب سے کہا گیا کہ ہم اس مسئلہ پر بحث کے لیے تیار ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ملک بھر کے بڑے شہروں میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر تفصیلی بحث اور وزیر اعظم نریندر مودی سے جامع اور فیصلہ کن منصوبہ بنانے کا مطالبہ کیا۔
راہل گاندھی نے کیا کہا؟
دہلی- این سی آر سمیت مختلف شہروں میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر بڑے شہر زہریلی ہوا کی زد میں ہیں، جس سے شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بچے پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا ہو کر ان کا مستقبل تباہ کر رہا ہے۔ لوگ کینسر کا شکار ہو رہے ہیں اور بزرگوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ راہل گاندھی نے زور دے کر کہا کہ اس ایوان کا ہر رکن اس بات سے اتفاق کرے گا کہ فضائی آلودگی سے لوگوں کو پہنچنے والا نقصان ایک مشترکہ تشویش ہے اور اس کا ازالہ کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر تفصیلی اور تعمیری بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت اور اپوزیشن عام طور پر زیادہ تر مسائل پر تکرار کرتے ہیں، یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر ہم مل کر کام کر سکتے ہیں اور ملک کو یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ مل کر ہم اس سنگین مسئلہ کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔راہل گاندھی کے اس مطالبہ پر مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے روزاول سے ہی اپنا موقف واضح کردیا تھا کہ ہم سبھی اہم مسائل پر بحث کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حکومت کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران سے بھی تجاویز لینے کے لیے تیار ہے۔