بلاس پور سے رائے پور تک ۱۱۰؍ کلومیٹر کا سفر انہوں نے سلیپر کلاس کے ٹرین سے کیا اور مسافروں سے ان کے مسائل سنے۔
EPAPER
Updated: September 26, 2023, 7:38 AM IST | Agency | Raipur
بلاس پور سے رائے پور تک ۱۱۰؍ کلومیٹر کا سفر انہوں نے سلیپر کلاس کے ٹرین سے کیا اور مسافروں سے ان کے مسائل سنے۔
چھتیس گڑھ میں ایک ماہ کے دوران راہل گاندھی نے پیر کو دوسرا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جہاں مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا وہیں ’آواس نیائے یوجنا‘ کا افتتاح بھی کیا۔بعد ازاں بلاس پور سے رائے پور تک کا سفر انہوں نے ٹرین سے طے کیا اور اس سفر کے دوران وہاں مسافروں سے ان کے مسائل کو جاننے کی کوشش کی۔وہ دراصل یہاں ’آواس نیائے سمیلن‘ میں شریک ہونے کیلئے آئے تھے۔
اس کے بعد انھوں نے ایک جلسہ عام کو خطاب کرتے ہوئے ذات پر مبنی مردم شماری کا سوال اٹھایا۔ راہل گاندھی نے پوچھا کہ وزیر اعظم مودی ذات پر مبنی مردم شماری سے کیوں ڈرتے ہیں؟ راہل گاندھی نے اس دوران ذات پر مبنی مردم شماری کو آج کی ضرورت قرار دیا اور ملک کیلئے انتہائی ضروری بتایا۔اس سے قبل راہل گاندھی نے بلاس پور سے ’گرامین آواس نیائے یوجنا‘ کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کے تحت۴۷؍ ہزار سے زیادہ کنبوں کو پہلی قسط کے طور پر۱۱۸؍ کروڑ روپے دیئے گئے۔ راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کو غریب مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا ریموٹ کنٹرول غریبوں کے اکاؤنٹ میں رقم ڈالنے کیلئے ہے جبکہ بی جے پی کا ریموٹ کنٹرول مودی کے دوست اڈانی کیلئے چلتا ہے۔
اس کے بعد انہوں نے بلاس پور سے رائے پور تک کا سفر انٹرسٹی ایکسپریس کے ذریعہ کیا۔ اس دوران انہوں نےریلوے کے مسافروں سے ملاقات کی اور سفر سے متعلق ان کی پریشانیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے پہلے سے طے شدہ ہیلی کاپٹر کا سفر منسوخ کر دیا اور بلاس پور سے رائے پور تک ٹرین سے سفر کرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے سلیپر کلاس میں سفر کیا اور ریلوے کے عام مسافروں سے ان کی نشستوں پر جاکر ملاقات کی اور ان سے ریل سفر کی مشکلات کے بارے میں معلومات لی۔انہوں نے ریلوے مسافروں کے ساتھ خوشگوار بات چیت کی اور لوگوں نے انہیں ریل سفر کی مشکلات کے بارے میں کھل کر بتایا۔ انہوں نے روزانہ سفر کرنے والے طلبہ سے بھی ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ انہوں نے ایک طالب علم کی نوٹ بک پر تصویر بنانے کی بھی کوشش کی۔ راہل گاندھی کے تقریباً۱۱۰؍ کلومیٹر کے ٹرین سفر کی اطلاع ملنے پر کانگریس کارکنوں اور حامیوں نے راستے میں اسٹیشنوں پر ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا۔
راہل گاندھی کے ساتھ اس سفر میں وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، ریاستی کانگریس انچارج کماری شلیجا اور ریاستی کانگریس صدر دیپک بیج بھی تھے۔راہل گاندھی کے رائے پور اسٹیشن پر پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے، جس کی وجہ سےراہل گاندھی کو گاڑی تک لے جانے میں سیکوریٹی اہلکاروں کو کافی مشقت کرنی پڑی۔