Inquilab Logo

راہل کی یاترا الہ آباد پہنچی، یوگی سرکار پر شدید حملہ

Updated: February 19, 2024, 9:53 AM IST | Agency | Allahabad

تاریخی آنند بھون سے لکشمی چوراہا تک روڈ شو، ہزاروں کی بھیڑ اُمڈ آئی، نوجوانوں کی کثرت، ’ ’ڈبل انجن سرکار‘‘ کو ’’بیروزگاری کی ڈبل مار‘‘ قرار دیا۔

In Allahabad on Sunday, Rahul Gandhi`s road show was attended by a crowd of people, mostly youths. Photo: INN
الہ آباد میں اتوار کو راہل گاندھی کے روڈ شو میں عوام کا جم غفیر امڈآیا جس میں اکثریت نوجوانوں کی تھی۔ تصویر : آئی این این

راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا پیر کو الہ آباد پہنچ گئی جہاں راہل گاندھی  کے خیرمقدم کیلئے عوام کا جم غفیرامڈ آیا۔  اس میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی جو راہل گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے اور سیلفی لینے کیلئے بے قرار نظر آئے۔ واضح رہے کہ الہ آباد سے گاندھی پریوار کا خاص تعلق ہے۔  پنڈت نہرو کا تعلق الہ آباد سے ہی تھا اور وہ یہیں کی پھولپور پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑتے تھے۔ 
راہل گاندھی کا روڈ شو، عوام کی بھیڑ
 الہ آباد میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے  تعلق سے عوام کے جوش وخروش کی تصویریں  کانگریس کے سینئر لیڈر اور جنرل سیکریٹری جے رام رمیش  نے ٹویٹ کیں اور بتایا کہ ’’ نیائے یاتراکے  ۳۶؍ ویں دن کی شروعات آنند بھون سے ہوئی جس کا ملک کی جدوجہد آزاد ی  اور کانگریس کی تاریخ میں  اہم رول ہے۔‘‘ جے رام رمیش کے مطابق’’راہل گاندھی نے آنند بھون سے لکشمی چوراہا تک  روڈ شو کیا جس میں ہزاروں کی تعداد  میں لوگ شریک تھے۔‘‘
وزیراعظم مودی پر حملہ
راہل گاندھی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے رام مندر کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ملک کو چلارہے ہیں، انہیں  دور رکھاگیامگر امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن وہاں  موجودتھیں۔کانگریس لیڈر نےعوام سے ہی سوال کیا کہ ’’کیا  آپ نے رام مندر پران پرتشٹھا کو دیکھا؟کیا آپ کو او بی سی، ایس سی یا ایس ٹی  کا کوئی ایک بھی چہرہ نظر آیا؟ اس میں امیتابھ بچن، ایشوریہ رائے اور وزیراعظم تو موجود تھےمگر وہ لوگ نہیں تھے جو فی الحقیقت اس ملک کو چلارہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ ’’یہ لوگ اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ملک کی باگ ڈور آپ کے ہاتھوں میں نہ آنے پائے۔‘‘  
’ڈبل انجن سرکار‘ میں ’بیروزگاری کی ڈبل مار‘
عوام سے خطاب میں بی جےپی ، وزیراعظم مودی اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بنانے کے ساتھ ہی ساتھ راہل گاندھی نے ٹویٹ کرکے بھی  بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اتر پردیش میں   ہر تیسرے نوجوان کے بیروزگار ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے طنز کیا کہ  ’ڈبل  انجن‘ حکومت کا مطلب بے روزگاری  کی ڈبل مار ہوگیاہے۔   انہوں نے نشاندہی کی کہ ’’آج اتر پردیش کا ہر تیسرا نوجوان بیروزگاری کی بیماری میں مبتلا ہے جبکہ ۱ء۵؍لاکھ سے زیادہ سرکاری عہدے خالی پڑے  ہیں۔ ‘‘ انہوں نے ریاست میں بیروزگاری کی سنگینی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’جن ملازمتوں کیلئے بہت ہی کم تعلیمی اہلیت کی ضرورت ہے ان کیلئے بھی گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی کئے ہوئے امیدوار لائن لگاکر کھڑے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جےپی کے دور اقتدار میں ’’اول تو بھرتی نکلنا  ہی  خواب ہے، بھرتی نکلے تو  پیپر لیک ہو جاتا ہے، پیپر دیا جائے تو نتیجہ کا پتہ نہیں چلتا اور طویل انتظار کے بعد  نتیجہ آنے پر بھی اکثر جوائننگ کیلئے عدالت کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔فوج سے لے کر ریلوے اور تعلیم سے لے کر  پولیس میں بھرتی تک یہی حال ہے ۔لاکھوں طلبہ برسوں سے انتظار کر کے اووَر ایج  ہو چکے ہیں۔مایوسی کے اس چکر میں پھنس کر طالب علم ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر ٹوٹ رہے ہیں اور ان  سب سے پریشان ہوکر جب وہ  اپنے مطالبات کے ساتھ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں  پولیس کی لاٹھیاں ملتی ہیں۔‘‘کانگریس کی حکومت بننے پر سب کو انصاف فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ’’کسی نوجوان کیلئے نوکری صرف آمدنی کا ذریعہ نہیں  بلکہ اپنے خاندان کی زندگی کو بدلنے کا ایک خواب بھی ہے اور اس خواب کے ٹوٹنے کے ساتھ ہی، پورے خاندان کی امیدیں دم توڑ جاتی ہیں۔  کانگریس کی پالیسیاں نوجوانوں کے خوابوں کے ساتھ انصاف کریں گی۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ’’ ہم ان کی تپسیا کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK