Inquilab Logo

۱۵؍ اگست تک ۳۰؍ لاکھ اسامیوں پر بھرتی شروع کرنے کا راہل کا وعدہ

Updated: May 10, 2024, 7:32 AM IST | Agency | New Delhi

راہل گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے عوام سے وزیر اعظم مودی کے بہکاوے میں نہ آنے اور کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

Senior Congress leader Rahul Gandhi. Photo: INN
سینئرکانگریس لیڈر راہل گاندھی۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے انڈیا اتحاد کی حکومت بننے پر آئندہ ۱۵؍ اگست تک ۳۰؍ لاکھ اسامیوں پربھرتی کا عمل شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ وعدہ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کیا ہے اور ملک کے نوجوانوں  سےوزیر اعظم نریندر مودی کے بہکاوے میں نہ آ نے اور کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر۴؍ جون کو لوک سبھا کے انتخابی نتائج کے مطابق مرکز میں  انڈیا اتحاد کی  مخلوط حکومت بنتی ہے تو ۱۵؍ اگست تک۳۰؍ لاکھ سرکاری اسامیوں پر بھرتی کی کارروائی کا آغاز کیاجائے گا۔
نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانو،  ہندوستان  میں۴؍ جون کو مخلوط حکومت بننے جا رہی ہے اور ہماری گارنٹی ہے کہ۱۵؍ اگست تک ہم ۳۰؍ لاکھ خالی سرکاری عہدوں پر بھرتی کا عمل  شروع کر دیں گے۔
  راہل گاندھی نے اس ویڈیو پیغام کے شروع میں کہا  ’’ملک کی طاقت، ملک کے نوجوانوں! نریندر مودی کے ہاتھ سے لوک سبھا انتخاب نکل رہا ہے، انھیں شکست ملنے والی ہے اور وہ ہندوستان کے (اگلے) وزیر اعظم نہیں بنیں گے۔ اس لیے انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اگلے چار پانچ دن میں آپ کا دھیان بھٹکانا ہے۔ کچھ نہ کچھ ڈراما کرنا ہے۔ آپ کے دھیان کو بھٹکنا نہیں چاہئے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ملک میں مسلمانوں کی آبادی بڑھنے کا شوشہ


راہل گاندھی اس ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ’’ بے روزگاری سب سے بڑا ایشو ہے۔ نریندر مودی نے آپ سے کہا تھا کہ سالانہ ۲؍ کروڑ نوجوانوں کو روزگار دیں گے، یہ ان کا جھوٹ تھا۔ نوٹ بندی کی، غلط جی ایس ٹی نافذ کر دیا اور سارا کا سارا کام اڈانی جیسے لوگوں کو دے دیا ۔‘‘ویڈیو کے آخر میں راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’ہم بھرتی بھروسہ منصوبہ لا رہے ہیں۔۴؍ جون کو انڈیا الائنس کی حکومت بننے جا رہی ہے اور ہماری گارنٹی ہے کہ۱۵؍ اگست تک  ہم ۳۰؍لاکھ خالی سرکاری عہدوں پر بھرتی کا کام شروع کر دیں گے۔ نریندر مودی کی جھوٹی باتوں سے بھٹکنا مت، اپنے مسائل پر پر ڈٹے رہنا۔ انڈیا  اتحاد پر یقین رکھو، نفرت نہیں ملازمت کا انتخاب کرو۔‘‘راہل نے اس کے علاوہ تلنگانہ کے میدک میں ریلی سے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK