Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھاٹ سیکشن پر اب بھی ریل خدمات مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں، ریلوے کا جنگی پیمانے پر کام کا دعویٰ

Updated: July 10, 2026, 8:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

گزشتہ دنوں ہوئی تیز بارش اور چٹانوں کے کھسکنے کے واقعات کے بعد ریلوے کےگھاٹ سیکشن لوناولہ اورکرجت میں اب تک گاڑیوں کی آمدورفت شروع نہیں ہوئی ہے۔

Track repair work underway in Lonavala
لوناولہ میں پٹریوں کو درست کرنے کا کام جاری ہے

گزشتہ دنوں ہوئی تیز بارش اور چٹانوں کے کھسکنے کے واقعات کے بعد ریلوے کےگھاٹ سیکشن لوناولہ اورکرجت میں اب تک گاڑیوں کی آمدورفت شروع نہیں ہوئی ہے۔اس دوران سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سیکڑوں مزدور، انجینئرس، محکمہ جنگلات اور پہاڑی راستوں کی معلومات رکھنے والی خصوصی ٹیمیں مسلسل راحت کے کاموںمیںلگی ہوئی ہیں۔ مگر حالات یہ ہیںکہ اب بھی دونوں لائنوں پر کام پورا نہیں کیا جاسکا ہے ۔چوتھے دن بھی حالات معمول پر نہیں آئے ہیں ۔ جس طرح کے حالات ہیںاس سے یہ کہا جارہا ہے کہ پانچویں دن (جمعہ) بلکہ اس کے بعد بھی دونوں لائنوں پرٹرینوں کی آمدورفت کا شروع کیا جاناتقریباً ناممکن ہے ۔
 یہی وجہ ہے کہ ۹؍جولائی( جمعرات ) کو کچھ ٹرینیں منسوخ کی گئیں تو کئی ٹرینوں کو روٹ بدل کرچلایا گیا۔ جبکہ کچھ ٹرینوں کے روٹ مختصر کردیئےگئے تھے۔ واضح ہوکہ ۶؍جولائی کوہونے والی تیز بارش کے دوران یہ حالات پیدا ہوئے تھےاورتبھی سے کام جاری ہے ۔
۱۰؍تا ۱۷؍جولائی تک رد کی جانے والی ٹرینیں
 ۷؍ دن تک مستقل طور پر منسوخ کی جانے والی ٹرینوں میں ہبلی دادر ایکسپریس، دادر ہبلی ایکسپریس، اندور دونڈ ایکسپریس، دونڈ اندور ایکسپریس ، سی ایس ایم ٹی حیدرآباد ایکسپریس، حیدرآباد سی ایم ٹی ایکسپریس، ۱۲۱۲۴؍ پونے سی ایس ایم ٹی دکن کوئن ایکسپریس ،۱۲۱۲۳؍ سی ایس ایم ٹی دکن کوئن ایکسپریس اور ۱۲۱۲۴؍ سی ایس ایم ٹی پونے دکن کوئن ایکسپریس شامل ہیں۔ 
۱۰؍جولائی سے ۱۵؍جولائی تک رد کی جانے والی ٹرینیں
 اس کے علاوہ ۱۰؍جولائی کو پونے سی ایس ایم ٹی دکن کوئن ایکسپریس ۔۱۱؍جولائی کو سی ایس ایم ٹی پونے انٹرسٹی ایکسپریس۔ ۱۲؍جولائی کو پونے سی ایس ایم ٹی انٹرسٹی ایکسپریس۔ ۱۳؍جولائی کو سی ایس ایم ٹی چننئی ایگمور سپرفاسٹ میل اور۱۴؍جولائی کوچنئی اگمور سی ایس ایم ٹی سپرفاسٹ ایکسپریس رد کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ۰۱۰۷۹؍ سی ایس ایم ٹی گورکھپور ایکسپریس کو ۱۰؍جولائی سے ۱۵؍ جولائی تک منسوخ کردیا گیا ہے ۔ 
سینٹرل ریلوےانتظامیہ نے وزرریل کا پیغام بھیجا 
 مرکزی وزیرریل اشونی ویشنو کے مطابق’’ گھاٹ سیکشن پر متاثر ہونےوالی لائنوں کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لیاگیا ہے۔ وہاںلینڈ سلائیڈنگ بہت زیادہ ہوئی ہے۔ ریلوے لائن کے ساتھ آس پاس کے علاقوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کی ٹیمیں ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ایک لائن بحال کر دی گئی ہے۔‘‘
 وزیرریل نے یہ بھی کہاکہ ’’ہم نے ان حالات میں اس سیکشن سے گزاری جانے والی تمام ٹرینوں کو۲؍ انجنوں کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن کچھ سائٹس پر تعمیراتی اشیاء لے جانا بھی بڑاچیلنج ہے۔اس کے علاوہ راحت اوربچاؤ کے کاموں میں مصروف تمام ٹیمیں ضلعی حکام اور محکمہ جنگلات کے ساتھ بھی رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں تاکہ لائنوں کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK