Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کا دوبارہ حملہ ، چابہار میں بجلی نظام متاثر، ایران نےخلیج میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا

Updated: July 10, 2026, 9:28 AM IST | Agency | Tehran

ایران کے جنوبی اور شمالی حصوں میں ۹۰؍ مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ ، ۱۴؍ افراد جاں بحق ، کئی زخمی ، ایران نے بھی قطر ،بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون برسائے۔

US Central Command Releases Satellite Images Of Attack On Iran.Photo:INN
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران پر حملے کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کی ہیں۔تصویر:آئی این این
امریکہ نے ایران کے خلاف نئے فوجی حملے کیے ہیں، جن میں جنوب مشرقی بندرگاہی شہر چابہار کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے، بندرگاہ کی سہولیات اور ایک ہسپتال کو نقصان پہنچا ہے۔ ملک کے دیگر جنوبی اور شمالی حصوں میں بھی حملوں اور دھماکوں کی اطلاع ملی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق بدھ کی دیر رات  ہونے والے حملوں میں چابہار کی تین بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں تباہ ہو گئیں جس سے شہر کے تقریباً آدھے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ حملے کے دوران میزائل کے ٹکڑے امام علی ہسپتال پر بھی گرے۔اس درمیان ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور کے مطابق ایران پر ۸؍ اور ۹؍جولائی کو ہونے والے امریکی حملوں میں ۱۴؍ افراد شہید جبکہ ۷۸؍ زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان  نےکہا کہ جنگ بندی کے باوجود امریکہ نے ۵؍ صوبوں کو حملوں کا نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق زخمی ہونے والے ۷۸؍ افراد میں سے ۴۷؍ اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 
 
 
تسنیم نیوز ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ چابہار اور قریبی شہر کونارک میں تقریباً۱۰؍ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حملوں سے چابہار کی شہید بہشتی بندرگاہ، کلانتری بندرگاہ اور جہاز رانی کے ٹریفک کنٹرول ٹاور کو بھی نقصان پہنچا۔ ان حملوں کی وجہ سے چابہار شہر کی آدھی بجلی چلی گئی۔مقامی حکام کے مطابق شہر میں چار زوردار دھماکے سنے گئے۔تسنیم نیوز ایجنسی نے کچھ غیر تصدیق شدہ  رپورٹوں کے حوالے سے کہا کہ چابہار میں واقع  پاسداران انقلاب بحریہ کے امام علی نیول بیس کو بھی امریکی طیاروں نے نشانہ بنایا ہے۔ایرانی میڈیا نے جنوبی ایران کے کئی دوسرے علاقوں میں بھی دھماکوں کی اطلاع دی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق بندر عباس اور سیریک میں کئی دھماکے ہوئے اور بندر عباس اور قشم جزیرے کی ساحلی فضائی دفاعی اکائیوں نے دشمن کے اہداف کو نشانہ بنایا۔ ابو موسیٰ جزیرے، جاسک اور صوبہ بوشہر کے شہر چوگدک میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
 
 
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محسن رضائی نے حملوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دشمن اور اس کے اتحادیوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ ایرانی مسلح افواج نے امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر جوابی کارروائی کی ہے۔پاسداران نے  بحرین، قطر اور کویت میں ۸۵؍ امریکی فوجی اڈوں اور اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔ ان میں بحرین میں پورٹ سلمان اور امریکی پانچویں بیڑے سے وابستہ علاقے اور کویت کا علی السالم ایئر بیس شامل ہیں۔ پاسداران نے ایک امریکی ایم کیو ۹؍ ڈرون بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK