ٹرین کے مسافروں کیلئے ترمیم شدہ ایس او پی تیار،ماسک لگانا پھر سے لازمی ہوگا ،ریلوے بتدریج دیگر سختیاں بھی نافذ کرسکتا ہے
EPAPER
Updated: May 13, 2022, 11:50 AM IST | Agency | Mumbai
ٹرین کے مسافروں کیلئے ترمیم شدہ ایس او پی تیار،ماسک لگانا پھر سے لازمی ہوگا ،ریلوے بتدریج دیگر سختیاں بھی نافذ کرسکتا ہے
ہندوستان میں کووڈ کے معاملے ایک بار پھر بڑھنے لگے ہیں۔ بدھ کے روز۲۴؍ گھنٹے میں۲۸۹۷؍نئے معاملے درج کیے گئے تھے۔ دہلی میں ہی گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر۹۷۰؍معاملے درج ہوئے۔ دہلی میں مثبت کیس کی شرح ۳ء۳۴؍ فیصد ہے۔گزشتہ ہفتےکچھ دن ایسے بھی گزرے جب۳؍ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملے درج کئے گئے۔ سبھی کے ذہن میں اس وقت یہ سوال ہے کہ کیا یہ کورونا کی چوتھی لہر کا اشارہ ہے؟ اس تعلق سے کوئی مصدقہ جواب سامنے نہیں ہے لیکن ہندوستانی ریلوے نے احتیاطی قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزارت ریل کے ذرائع کے مطابق ریل سفر میں پھر سے کورونا پروٹوکول کی واپسی ہو رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریل مسافروں کے لیے ترمیم شدہ ایس او پی تیار کی گئی ہے۔ اس کے مطابق اب ریل سفر کے دوران آپ کو پھر سے ماسک لگانا ہوگا۔ ساتھ ہی وزارت اور وزارت صحت و خاندانی فلاح کے ذریعہ جاری پروٹوکول و ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ ریلوے کے ذریعے گزشتہ۵؍ مئی ۲۰۲۱ء کو ایک ایس او پی جاری کی گئی تھی۔ اس میں وقت وقت پر وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق ترامیم کی گئیں ۔ ترمیم شدہ تازہ ایس او پی میں۲۲؍ مارچ ۲۰۲۲ء کو وزارت داخلہ کے ذریعے جاری ہدایت بھی شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذریعے۲۲؍ مارچ ۲۰۲۲ءکو جاری کردہ حکم کے مطابق ہی اب ایک نیا ترمیم شدہ ایس او پی/پروٹوکول جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق مسافروں کو پہلے کی طرح ہی سفر کے دوران اور انٹری-ایگزٹ کے وقت فیس کور/ماسک لگانا ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ کووڈ کی اس سے قبل لہروں کے دوران ٹرین میں سفر کرنے پر ماسک لازمی تھا۔ حالانکہ جب ملک میں کورونا کے معاملے کم ہوئے تو سفر کے دوران ماسک کی لازمیت کو ختم کر دیا گیا۔ اس کے بعد سے ٹرینوں میں مسافر بغیر ماسک کے ہی سفر کر رہے تھے۔ اب ملک میں کورونا کے معاملے ایک بار پھر سے بڑھ رہے ہیں، تو ریل مسافروں سے ماسک لگانے کو کہا جا رہا ہے۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہےکہ پروٹوکول کی پابندی نہ کرنے پر مسافروں پر مزید سختیاں بھی نافذ کی جاسکتی ہیں۔