Inquilab Logo

وندے بھارت ٹرین کے جانوروں سے ٹکرانے کے واقعات سے ریلوے فکرمند

Updated: October 31, 2022, 10:20 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایک ماہ میں یہ ٹرین۳؍مرتبہ بھینسوں، گایوں اور بیل سے ٹکرائی ۔جانوروں کے ما لکان کو سخت وارننگ دی۔ ریلوے ایکٹ کے تحت ایک ہزار روپے جرمانہ اور۶؍ ماہ قید کا انتباہ

 Vande Bharat train is being repaired after the accident..Picture:INN
حادثے کے بعد وندے بھارت ٹرین کی مرمت کی جارہی ہے ۔ تصویر:آئی این این

 ’وندے بھارت‘   اپنی نوعیت کی منفرد سپر فاسٹ ٹرین ہے لیکن اس کے جانوروں سے ٹکرانے کے سبب ویسٹرن ریلوے  پریشان اور فکرمند ہے ۔اب اس تعلق سے اس کی نیند ٹوٹی ہے اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف ) کے ذریعے جانوروں کے مالکان کو انتباہ دیا گیا ہے کہ وہ جانوروں کو پٹریوں پر نہ آنے دیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ۶؍ ماہ قید بھی ہوسکتی ہے۔ جو انتباہ دیا گیا ہے،اس کے مطابق جانوروںکے مالکان کے خلاف ریلوے ایکٹ کی دفعہ ۱۵۴؍، جس کے تحت(جان بوجھ کر یا  انجانے میں ریل میں سفر کرنے والے افراد کی جان کو خطرے میں ڈالنا ہے )جرمانہ اور ۶؍ماہ کی قید ہوسکتی ہے یا دونوں دی جاسکتی ہیں۔اسی طرح دفعہ ۱۴۷؍جس کے تحت پٹری پار کرنے کی ممانعت ہوتی ہے، پر ۶؍ مہینے کی قید اور ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اس کا خیال رکھتے ہوئے جانوروں کے مالک اور جانور چرانے والے اپنے مویشیوں کو ریلوے کی زمین اور پٹریوں کے قریب نہ آنے دیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کے لئے تیار رہیں۔ ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکور کے مطابق اس تعلق سے آر پی ایف سٹی پولیس کے ہمراہ کئی مقامات پر بیداری مہم چلاچکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔ خاص طور پرممبئی ڈویژن میں ٹرین کی پٹری کے قریب اور آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا ہے۔ اب قانونی کارروائی اور سختی کا انتباہ دیا جارہا ہے۔ یادرہے کہ ۳۰؍ستمبر کو اس ٹرین کا وزیراعظم نریندر مودی نے افتتاح کیا تھا اور اس کی خوب تشہیر کی گئی تھی لیکن ایک مہینے کے اندر بھینسوں، گایوں اور بیل سے ٹکرانے کے حادثات نے ریلوے انتظامیہ کی نیند اڑادی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بہتر سہولت ، تیز رفتار اور‌ایسی ہی دیگر خوبیوں‌کے حوالے سے اس ٹرین کی تشہیر کی گئی تھی لیکن اب اس کے بجائے ممبئی -گاندھی نگر کیپٹل روٹ پر شروع کی گئی ’وندے بھارت‘ ٹرین حادثات کے سبب سرخیوں میں ہے۔ اس سے قبل جب بھینسیں کٹ گئی  تھیں  تب بھی ریلوے انتظامیہ کی جانب سے سخت انتباہ دیا گیا تھا اور کارروائی کرنے کو کہا گیا تھا لیکن ایک دن‌قبل ممبئی سے روانہ ہونے کے بعد اتل اسٹیشن کے پاس بیل کے ٹکرانے کے حادثے سے یہ صاف ہوگیا ہے کہ انتباہ کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ بیداری کا دعویٰ، جرمانہ وصول کرنے اور قید کی سزا سے متعلق آر پی یف کے انتباہ کا کتنا اثر ہوتا ہے۔اس کے علاوہ چیف پی آر اوکی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس پورے روٹ پر حادثات کے اندیشے والے تقریبا ۵۰؍ مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے وہاں ریلوے نے اپنی جانب سے نگرانی بڑھادی ہے ۔اس سے حادثات کی روک تھام میں یقینا کمی آنے کی امید ہے۔اس کے ساتھ ہی الگ الگ اسٹیشن ماسٹروں اور دیگر عملہ کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ اس طرح کے حادثے کو روکا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK