Inquilab Logo

سعودی دارالحکومت ریاض مکہ مکرمہ اورد یگرشہروں میں بارش اور ژالہ باری سیلابی صورتحال سڑکیں  زیرآب

Updated: January 01, 2023, 1:02 AM IST | Riyadh

مکہ مکرمہ میں  ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا،کنگ فیصل روڈ عارضی طور پر بند کردیا گیا۔کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے خراب موسم کے پیش نظر پرواز کے متعینہ وقت سے پہلے ہی ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت دی

An attempt to drain rainwater in Makkah. (Photo: Saudi Press Agency)
مکہ مکرمہ میں بارش کا پانی نکالنے کی کوشش۔ ( تصویر : سعودی پریس ایجنسی )

سعودی عرب کے  دارالحکومت  ریاض اور مکہ مکرمہ  کے ساتھ ساتھ ملک کے کئی  منطقوں ، شہروں، تحصیلوں اور قریوں میں سنیچر اور  جمعہ  بارش اور ژالہ باری ہوئی جس  سے  کئی شہروں میں سیلابی صورتحال پید اہوگئی ۔ سڑکیں تالاب بن گئیں ۔ 
  میڈیارپورٹس کے مطابق  جمعہ اور سنیچر کو  ریاض شہر میں موسلادھار بارش ہوئی ۔ سیلاب اور بارش کے مناظر کی تصاویراور ویڈیوز شیئرکئے گئے۔ مقامی افراد کے مطابق سنیچر کو  وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔
 ادھرکنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے تمام مسافروں کو ہدایت دی کہ خراب موسم کے پیش نظر مقررہ وقت پر سفری کارروائی کیلئے پرواز کے متعینہ وقت سے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی کوشش کی جائے۔ قبل ازیں    طائف، الھدا اور الشفا میں بھی  بارش ہوئی ہے۔ ابہا شہر کے مغرب میں واقع البرک کمشنری میں بارش سے سیلابی صورتحال  پید اہوگئی ۔
    سنیچر کومکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی  ہوئی ۔ بارش  سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کنگ فیصل روڈ عارضی طور پر بند کردیا گیا۔اسی دوران  موسمیات کے قومی مرکز نے  آج( اتوار کو) بھی گرج چمک کے ساتھ بارش، گرد آلود تیز ہوا اور ژالہ باری  کی پیش گوئی کی ہے ۔ 
 سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا  کہ سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے بیان میں کہا کہ کئی علاقوں میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ژالہ باری بھی ہوگی۔ گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے قریب کی اشیا ء بھی دکھائی نہیں دیں گی جبکہ سمندر میں اونچی  لہریں اٹھیں گی۔
 حسین القحطانی نے مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، بحرہ، خلیص، اللیث، القنفذہ، العرضیات، اضم، میسان، الخرمہ، المویہ اور رنیہ میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا۔انہوں نے بتایا کہ باحہ،مدینہ منورہ، قصیم، ریاض اور الشرقیہ  منطقوں کی بیشتر کمشنریوں میں بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔   دوسری جانب متعلقہ حکام بارش سے متاثر علاقوں میں مستعد ہیں جو مقامی  شہریوں اور تارکین وطن کو گھروں سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی نکلنے کی اجازت دے رہےہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK