موسلادھار بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ۶؍ افراد کی موت،۴؍ بچیاں شامل ،کئی مقامات پر بجلی سپلائی منقطع اور ٹریفک کے مسائل
EPAPER
Updated: May 22, 2025, 11:03 PM IST | New Delhi
موسلادھار بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ۶؍ افراد کی موت،۴؍ بچیاں شامل ،کئی مقامات پر بجلی سپلائی منقطع اور ٹریفک کے مسائل
دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بدھ کی رات اچانک موسم بدلنے اور تیز بارش سےمعمولات درہم برہم ہوگئے۔موسلادھار بارش کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ۶؍ افراد کی موت کی بھی اطلاعات ہیںجن میں۴؍ بچیاں شامل ہیں۔تیز بارش اور طوفان سے نظام زندگی متاثر ہوئی۔ کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی، ٹریفک میں خلل پڑا اور کئی مقامات پر طویل جام ہوگیا۔ طوفان کے باعث درخت، ہورڈنگز اور بورڈ گرنے کی اطلاعات ہیں۔ دہلی کے صفدرجنگ میں۷۹؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ غازی آباد میں تیز آندھی کے بعد بارش ہوئی۔ جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ باغپت میں بھی تیز آندھی اور بارش کے ساتھ اولے گرے۔ اسی دوران چندی گڑھ میں طوفان کی وجہ سے سیکٹر ۲۲؍ میں کئی درخت گر گئے ۔ انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے ۔ مشرقی دہلی کے یمنا ویہار، بھجن پورہ اور گوکل پوری جیسے علاقے آندھی سے متاثر ہوئے ۔ اچانک طوفان کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی ۔ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد بھی تیز آندھی کی زد میں رہے، کئی جگہوں پر درخت گرےجس سے ٹریفک متاثر ہوا اور بجلی کی فراہمی میں بھی خلل پڑا۔
دہلی میںدرجہ حرارت میں گراوٹ
دہلی میں طوفان کی وجہ سے درجہ حرارت ۱۴؍ ڈگری سلسیس گر گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت۳۷؍ڈگری سے گر کر۲۳؍ ڈگری پر آگیا۔ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے پورے دہلی-این سی آر خطہ کو متاثر کیا ہے ۔ پالم میں ۷۲؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں درخت گر گئے اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (ٹرمینل۳) پر مٹی کا طوفان آیا اورموسلا دھار بارش بھی ہوئی۔
اٹاوہ میںآندھی طوفان سے۲؍ کی موت،۴؍زخمی
اترپردیش کے ضلع اٹاوہ میں آندھی طوفان کی زد میں آنے سے خاتون سمیت۲؍ افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ڈی ایم شبھرانت کمار شکلا نےجمعرات کو بتایا کہ قدرتی آفت کے تحت متاثر افراد کی مدد سرکاری طور پر کی جارہی ہے ۔ محکمہ ریوینیو کے افسر اور ملازمین متاثرہ افرادکی مدد کیلئے کاغذی کارروائی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریبا تین درجن کے آس پاس پاور کارپوریشن کے اسٹیشن کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ۱۰۰؍ سے زیادہ بجلی کے ستونوں کو نقصان پہنچا ہے۔ریوینیو ڈپارٹمنٹ کے افسر اورملازمین پورے ضلع میں طوفان سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔ ریوینیو ڈپارٹمنٹ کی کئی ٹیمیں ڈی ایم کی ہدایت پر سرگرم ہوگئی ہیں۔آندھی طوفان کا اثر اٹاوہ کے بسریہر ، فرینڈس کالونی، جسونت نگر، سیفئی اور بکیور میں دیکھا گیا ہے ۔جہاں خاتون سمیت دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر چار شدید طور سے زخمی ہوئے ہیں ۔ طوفان کے باعث پورے ضلع میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ سیکڑوں مقامات پر بجلی کی سپلائی منقطع ہے۔
پرتاپ گڑھ:ندی میں ڈوبنے سے۴؍بچیوں کی موت
اترپردیش کے ضل پرتاپ گڑھ کے مہیش گنج علاقے میں جمعرات کو بکلاہی ندی میں ڈوبنے سے ۴؍ بچیوں کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈوب کرجان گنوانے والی بچیوں میں تین سگی بہنیں اور ایک چچازاد بہن ہے ۔ چاروں بچیاں صبح تقریباً ۱۰؍ بجے بکلاہی ندی میں نہانے گئی تھیں۔ نہاتے وقت وہ گہرے پانی میں اتر گئیں اور ڈوب کر ان کی موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں جیت لال کی بیٹیاں سواتی(۱۳) ، سندھیا(۱۱)، چاندنی(۶)کےعلاوہ پرتھوی پال کی بیٹی پریانسی(۷)شامل ہیں۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے ریسکیو ٹیم کی مدد سے ان کی لاشیں ندی سے باہر نکالا۔اس درمیان کنڈہ سے ایم ایل اے راجا بھیا نے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کر انہیں ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ہے ۔ اس دوران اتراکھنڈ میں بھی موسم بدل گیا۔محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد کئی اضلاع میں شدید بارش ہوئی ۔ اس کی وجہ سے یمونوتری اور برکوٹ (اترکاشی) کے ساتھ ساتھ بیرونکھل (ضلع پوڑی) کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی ۔