آئندہ ۵؍ روز کیلئے محکمہ موسمیات نے ’یلوالرٹ‘ جاری کیا ،اس کے بعد ۱۹؍ سے ۲۵؍ مئی تک مزید گھن گرج کے ساتھ برسات کی پیش گوئی
EPAPER
Updated: May 17, 2025, 11:03 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
آئندہ ۵؍ روز کیلئے محکمہ موسمیات نے ’یلوالرٹ‘ جاری کیا ،اس کے بعد ۱۹؍ سے ۲۵؍ مئی تک مزید گھن گرج کے ساتھ برسات کی پیش گوئی
ممبئی، مضافات، تھانے اور آس پاس کے علاقوں میں سنیچر کی صبح تقریباً ۸؍ بجے کچھ وقفہ کیلئے بارش ہوئی تھی اور اس کے بعد کچھ علاقوں میں صبح تقریباً ۱۰؍ بجے دوبارہ بارش ہوئی جس کی وجہ سے کچھ دیر کیلئے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی تھی۔ تاہم اس کے بعد دوبارہ گرمی شروع ہوگئی۔ البتہ سنیچر کی شام محکمہ موسمیات نے ۲۵؍ مئی تک ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں اچھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اگرچہ محکمہ موسمیات کی مشاہدہ گاہوں میں سنیچر کو قلابہ میں ۱۴؍ ملی میٹر اور سانتا کروز میں ۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی لیکن بی ایم سی کے ذریعہ شہر کے مختلف مقامات پر نصب کئے گئے سب اسٹیشنوں پر بارش کی مقدار اس کے مقابلہ کچھ زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
سنیچر کو صبح ۸؍ بجے سے ۹؍ بجے کے درمیان بی ایم سی کے نائر اسپتال (ڈی وارڈ) پر نصب کئے گئے آلات میں ۱۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی وقفہ کے دوران مشرقی مضافات کے کرلا فائر اسٹیشن میں ۱۲؍ ملی میٹر جبکہ مغربی مضافات کے ایچ ویسٹ وارڈ میں ۲۰؍ ایم ایم، سُپاری ٹینک میونسپل اسکول میں ۱۸؍ ایم ایم، ہندو رِدے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے میونسپل اسکول میں ۱۶؍ ایم ایم، بی سی فائر اسٹیشن میں ۱۴؍ ایم ایم، مرول فائر اسٹیشن میں ۱۳؍ ایم ایم اور آرے کالونی میونسپل اسکول گوریگائوں میں ۱۱؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
سنیچر کی صبح قلابہ، ممبئی سینٹرل، باندرہ، پوائی، دہیسر اور بوریولی سمیت متعدد علاقوں میں بارش ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سنیچر کی شام ایک پریس ریلیز جاری کرکے اطلاع دی ہے کہ ۲۲؍ مئی کے آس پاس کرناٹک سے پرے بحر عرب میں ’لو پریشر‘ بنے گا جس کی وجہ سے ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں ۱۹؍ مئی سے ۲۵؍ مئی کے درمیان بارش میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے ممبئی کیلئے اتوار، منگل اور بدھ کیلئے اور تھانے کیلئے اتوار سے بدھ تک کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ پال گھر، رائے گڑھ اور مہاراشٹر کے دیگر علاقوں کیلئے یلو اور پونے کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق متذکرہ تاریخوں میںگھن گرج کے ساتھ بارش کے دوران ممبئی اور تھانے میں ہوائوں کی رفتار ۳۵؍ سے ۵۵؍ کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جس سے درخت گرنے جیسے حادثات ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔