Inquilab Logo

ممبئی اور مضافات میں بارش کا سلسلہ شروع، پال گھر میں ایک ہلاک

Updated: June 21, 2022, 10:23 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

محکمہ موسمیات نےآج بھی ممبئی ، تھانے ، رائے گڑھ اور رتنا گیری اضلاع کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ، متعدد مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی ،جھیلوں پر معمولی بارش

Due to the rain, traffic was jammed in many places and it was difficult for the citizens to go to the office while there were reports of falling trees and branches in many places.
بارش کی وجہ سے کئی جگہ ٹریفک جام رہا اورشہریوں کو دفتر جانے میں دشواری پیش آئی جبکہ کئی جگہوں پر درخت اور شاخیں بھی گر نے کی اطلاعات ہیں ۔(پردیپ دھیور اور ایجنسی)

om
ممبئی:ممبئی اور مضافات کے علاقوں میں پیر سے ایک بار پھر رک رک کر  بارش ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔اسی دوران  پال گھر میں ۲؍ سالہ بچے پر بجلی گرنے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ممبئی کےمحکمہ موسمیات نے منگل۲۱؍ جون کیلئے بھی اورینج الرٹ جاری کیاہے اور پیش گوئی کی ہے کہ متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ ہفتے کے پہلے دن بارش کی وجہ سے اسکول اور دفتر جانے والوں کو کچھ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ٹریفک نظام بھی کئی جگہ متاثر ہوا۔جن اضلاع کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے ان میں ممبئی ،تھانے ،رائے گڑھ اور رتنا گیری ، سندھو درگ اور پال گھر شامل ہیں۔
 بجلی گرنے سے لڑکا ہلاک 
 پال گھر ضلع میں شدید بارش کے دوران بجلی گرنے سے ایک ۲؍سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔ پال گھر ضلع کے ڈیزاسٹر کنٹرول روم کے سربراہ وویکانند کدم نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب لڑکا منور علاقے میں اپنے گھر کے سامنے اپنی بہن کے ساتھ کھیل رہا تھا۔شدید گرج اور چمک کے ساتھ اس علاقے میں بجلی گر گئی۔ افسر کے مطابق بجلی گرنے سے شدید زخمی حالت میں لڑکے کو مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے داخلہ سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید جانچ جاری ہے۔ 
 جھیلوں پر معمولی بارش!
  شہری علاقوں میں تو تیز بارش ہو رہی ہے لیکن ممبئی کے شہریوں کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والی ۶؍ جھیلوں پر معمولی بارش  ہی ہوئی ہے ۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) کے محکمہ آب رسانی سے حاصل کی گئی اطلاعات کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں جھیلوں پر ۲؍ ملی میٹر تا ۲۱؍ ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔
  جھیلوں میں مجموعی طور پر ۱۴؍ لاکھ ۴۷؍   ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر پانی ذخیرہ کیاجاسکتا ہے لیکن ۲۰؍ جولائی کی صبح ۶؍ بجے امسال ان میںمحض ۱۰ء۴۵؍ فیصد یعنی ایک لاکھ ۵۱؍ ہزار ۲۳۹؍ ملین لیٹرپانی ہے جو کہ گزشتہ ۳؍ برسوں میں سب سے کم ہے۔ گزشتہ ۲۰؍ جون ۲۰۲۱ءکو یہ ذخیرہ ۱۴ء۱۶؍ فیصد یعنی ۲؍ لاکھ ۴؍ ہزار ۹۸۰؍ ملین لیٹر جبکہ ۲۰؍ جون ۲۰۲۰ءکو یہ ذخیرہ ۱۰ء۹۷؍ فیصد یعنی ایک لاکھ ۵۸؍ ہزار ۷۰۹؍  ملین لیٹر تھا۔ اگر جھیلوں میں بارش میں تیزی نہیں آتی ہے تو شہریوں کو پانی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 گیراج پر وزنی درخت گر ا
  بارش کا سلسلہ شروع ہونے کےساتھ ہی تھانے میں درخت گرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ پیر کو کلوا کھارے گاؤں علاقے میں فیرسٹین آٹو موبائل نامی گیراج پر ایک وزنی درخت گر گیا جس سے اس کی چھت کو شدید نقصان پہنچا۔ البتہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس کے علاوہ تھانے کے دیگر مقامات پر بھی درخت اور شاخیں گرنے کی شکایتیں تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو موصول ہوئی ہیں  جس کے بعد انہیں کاٹ کر ہٹایاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK