Inquilab Logo

شہر اور مضافات میں ہونے والی بارش سے ٹرین خدمات پھر متاثر

Updated: June 13, 2021, 7:35 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

چونا بھٹی سائن کرلا سیکشن میں پٹریوں پر پانی بھرنے سے دھیمی اور فاسٹ لائن کی ٹرینیں ڈیڑھ گھنٹے بند رہیں۔نشیبی علاقوں میں‌پانی بھرنے سے ۷۴؍بسوں کے روٹ بھی بدلے گئے

Train and bus service affected due to accumulation of water on road and railway track.Picture:PTI
سڑک اور ریلولے ٹریک پر پانی جمع ہو جانے کی وجہ سے ٹرین اور بس سروس متاثر ہوئیں تصویرپی ٹی آئی

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب اور سنیچر کو ہونے والی بارش کے سبب ایک دفعہ پھر سینٹرل ریلوے کی ٹرینوں کو بریک لگ گیا۔اسی کے ساتھ بیسٹ بسوں کی خدمات اس طرح متاثر ہوئیں کہ۷۴؍بسوں کے روٹ بدل کر انہیں دوسرے راستوں سے گزارنا‌ پڑا۔دوسری جانب شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں میں‌ پانی بھرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ اس کی وجہ یہ ہے ریلوے اور بی ایم سی کی جانب سے گٹروں اور نالوں کی صاف صفائی پر اس دفعہ اتنی توجہ نہیں‌ دی گئی جتنی دی جانی چاہئے اور‌اس کے لئے کووڈ کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔سنیچر کی دوپہر کو بھی ایک بجکر ۳۲؍منٹ پر ہائی ٹائیڈ تھا جس کی وجہ سے پٹریوں پر جمع پانی کی نکاسی کے لئے مسئلہ پیدا ہوا۔پانی جمع ہونے کے مسائل اور ٹرینیں بند ہونے سے ہونے والی دقتوں کا اندازہ اس سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وزیر ریل پیوش گوئل  نے ۲؍ دن قبل ممبئی کی صورتحال پر ویڈیو کانفرنسنگ میں یہ ہدایت دی ہے کہ اس مسئلے پر آئی آئی ٹی ممبئی کے اشتراک سے ایکشن پلان‌ تیار کرکے اس کا حل نکالا جائے اور‌ اس بات کو‌یقینی بنایا جائے کہ مسافروں کو پریشانی نہ ہو اور نہ ہی ٹرینیں رکیں گی۔
کب اور کہاں رکی ٹرینیں
  سینٹرل ریلوے میں سنیچر کی دوپہر کو کرلا اور دادر کے درمیان سلو لائن کی ٹرینیں‌ ۱۲؍بجے سے ایک بجکر ۱۵؍منٹ تک بند رہیں ۔ اسی طرح ان‌‌ اسٹیشنوں کے درمیان فاسٹ لائن کی ٹرینیں ایک بجے تک بند رہیں اور ٹرینیں شروع ہونے کے بعد تقریباً نصف گھنٹے   بعد معمول کے مطابق ٹرینوں  کی آمدورفت شروع ہوسکی۔اسی طرح ہاربر لائن پر بھی یہی صورتحال رہی ۔اس کی وجہ سے ۲۰؍سے زائد لوکل سروسیز منسوخ کی گئیں۔یہ تفصیلات سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر  او اے کے جین نے بتائیں۔ساتھ ہی یہ بھی اعتراف کیا کہ پانی بھرنے کی وجہ سے دیگر ٹرینوں کی رفتار کم کردی گئی تھی کیونکہ اس سے حادثے کا اندیشہ رہتا ہے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانی کی نکاسی مسلسل جاری رہی لیکن ہائی ٹائیڈ کے سبب میٹھی ندی کا گیٹ بند کردیا گیا تھا جس سے اور دشواری ہوئی۔ویسٹرن ریلوے کی ٹرینیں بغیر کسی رکاوٹ کے چلائی گئیں۔ 
 بسوں کے روٹ بدلے گئے
 مسلسل ہونے والی تیز بارش کے سبب شہر اور مضافات کے۱۷؍نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کے سبب ان روٹس پر چلائی جانے والی ۷۴؍بیسٹ بسوں کے روٹ بدلے گئے اور انہیں دیگر راستوں پر چلایا گیا جبکہ کچھ روٹس کو بند رکھا گیا۔جن مقامات پر پانی بھرا تھا ان میں ویرا دیسائی روڈ، پنکی سنیما، وڈالا اسٹیشن ، سنگم نگر ، کرلا اسٹیشن ڈپو، مانخورد اسٹیشن، سائن روڈ نمبر ۱۴  , انٹاپ ہل سیکٹر ۷ ؍  گاندھی مارکیٹ، کمانی ۔ شیتل ، کلپنا، ہند ماتا سنیما، ماہم، ایئر انڈیا کالونی ،ایس وی روڈ، آر سی ایف کالونی، اندھیری مارکیٹ، اجیت گلاس ، دہیسر چیک ناکہ فلائی اوور اور سائی ناتھ سب وے کے علاوہ دیگر مقامات شامل ہیں۔ بیسٹ کے پی آر او منوج وراڈے نے ان تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ کوشش یہ کی گئی کہ بدلے گئے روٹ سے بھی مسافروں کو راحت دی جائے۔ ویسے بھی سنیچر کی وجہ سے دیگر دنوں کے مقابلے بھیڑ بھاڑ کم تھی لیکن‌‌پانی بھرنے سے بہرحال مسائل پیدا ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK