گزشتہ ۱۵؍ برس میںنومبرمیں اب تک کی سب سے زیادہ بارش اتوار کو ریکارڈ کی گئی
ورلی سی فیس علاقے میں تیزبارش کا منظر۔ تصویر: آشیش راجے
محکمہ موسمیات نے اتوار کو شام ۶؍ بجے کے بعد موسم کا حال بتاتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ کم از کم ۶؍ نومبر تک ممبئی اور اطراف کے علاقوں میں کبھی ہلکی کبھی اوسط بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو صبح ۸؍ بج کر ۳۰؍ منٹ تک گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران جنوبی ممبئی کے قلابہ میں ۲۶ء۲؍ ملی میٹر جبکہ سانتا کروز میں ۲۳ء۸؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے پاس دستیاب گزشتہ ۱۵؍ برسوں کا ریکارڈ دیکھنے پر پتہ چلتا ہے کہ اس سے قبل ۲۰۲۴ء میں نومبر کی ۹؍ تاریخ کو ۲ء۲۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد اتوار کو سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ اس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں مجموعی طور پر ۸ء۴۲؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔اس سے قبل نومبر مہینے میں محض ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ۱۹۲۷ء میں ۷ء۱۲۲؍ ایم ایم ریکارڈ کی جاچکی ہے جبکہ نومبر کے پورے مہینے میں سب سے زیادہ بارش ۱۹۴۶ء میں ہوئی تھی جو مجموعی طور پر ۱۶۴ء۱؍ ایم ایم تھی۔
اس بے موسم بارش کی وجہ سے ممبئی واسیوں کو اکتوبر کی گرمی سے بھی راحت ملی ہے اور نومبر میں بھی درجہ حرارت کم ہے۔ اتوار کو قلابہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۷، سانتا کروز میں ۲۹؍ اور تھانے میں ۴ء۲۹؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا تھاجو معمول سے کم ہے۔ تھانے میں اگرچہ اتوار کو گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں محض ۴؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن یہاں اکتوبر سے اب تک ۱۲۶ء۲؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
یاد رہے کہ اس سال ممبئی میں مانسون کے معمول سے تقریباً ایک مہینہ قبل آگیا تھا اور مئی میں بارش شروع ہوگئی لیکن برسات کا موسم ختم ہونے کے تقریباً ایک مہینہ بعد اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
اتوار کو جاری کی گئی موسم کی معلومات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ۶؍ نومبر، جمعرات تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس وقفہ کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا اور گزرتے بادلوں کے ساتھ وقفہ وقفہ سے کبھی ہلکی تو کبھی اوسط بارش ہوگی۔