شلپا شیٹی کے شوہر نے کہا کہ نوٹ بندی کے سبب ہی ہمارا کاروبار بند ہوا اور پورا خاندان قرض میں ڈوب گیا۔
راج کندرا اور اداکارہ شلپا شیٹی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ تصویر: آئی این این
اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور صنعت کار راج کندرا نے۶۰؍کروڑ روپے کی مبینہ مالی فریب دہی کے معاملے میں ممبئی پولیس کی اقتصادی جرائم شاخ (ای او ڈبلیو) کے سامنے اہم انکشافات کئے ہیں۔ کندرا نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا، جس کے نتیجے میں وہ بھاری قرض میں ڈوب گئے۔ممبئی پولیس نے بتایا کہ ای او ڈبلیو کی ٹیم نے راج کندرا سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی جس کےدوران انہوں نے اعتراف کیا کہ نوٹ بندی کے بعد ان کی کمپنی، جو الیکٹریکل اور گھریلو آلات کے کاروبار سے منسلک تھی، شدید مالی بحران کا شکار ہوگئی۔ اس نقصان کے باعث وہ تقریباً ۶۰؍ کروڑ روپے کی رقم واپس کرنےمیں ناکام رہے۔ انہوںنے اپنے بیان میںکہا کہ نوٹ بندی سے قبل ان کا کاروبار بہت اچھا چل رہا تھا اور ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس طرح سے اچانک نوٹ بند کردئیے جائیں گے ۔ یہ جھٹکا ان کی کمپنی کے لئےبہت شدید ثابت ہوا جس کی وجہ سے کاروبار نہ صرف بیٹھ گیا بلکہ وہ اور ان کا خاندان کروڑوں روپوں کے مقروض بھی ہو گئے۔
واضح رہے کہ پولیس ذرائع کے مطابق راج کندرا سے یہ دوسری مرتبہ پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور انہیں آئندہ ہفتوں میں دوبارہ طلب کیا جائے گا تحقیقات کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ معاملے میں متعدد کاروباری شراکت داروں اور فنکاروں کے بیانات بھی قلم بند کئے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل ممبئی کی سیشن عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ شلپا شیٹی کو ملک چھوڑنے کی اجازت تبھی دی جا سکتی ہے جب وہ فریب دہی میں ملوث رقم واپس کریں۔ شلپا کے وکیل نے عدالت سے کولمبو جانے کی اجازت مانگی تھی ۔واضح رہے کہ راج کندرا کے اس انکشاف نے سیاسی ہلچل کو تیز کردیا ہےکیوں کہ اپوزیشن پہلے ہی نوٹ بندی کو ملک کی معیشت تباہ ہونے کا ذمہ دار قرار دے رہا ہے۔