• Mon, 02 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایئر انڈیا کے طیارے میں ایک بار پھر ’فیول کنٹرول سوئچ‘ میں خرابی سامنے آئی

Updated: February 02, 2026, 9:11 PM IST | New Delhi

ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن ایئر انڈیا نے پیر کے روز کہا کہ پائلٹ کی جانب سے فیول کنٹرول سوئچ میں خرابی کی اطلاع دینے کے بعد اس نے اپنے ایک بوئنگ ۷۸۷-۸؍ طیارے کو پرواز سے روک دیا ہے۔

Air India Plane.Photo:INN
ایئر انڈیا کا طیارہ۔ تصویر:آئی این این

ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن ایئر انڈیا نے پیر کے روز کہا کہ پائلٹ کی جانب سے فیول کنٹرول سوئچ میں خرابی کی اطلاع دینے کے بعد اس نے اپنے ایک بوئنگ ۷۸۷-۸؍ طیارے کو پرواز سے روک دیا ہے۔ ایئرلائن نے ایک سرکاری بیان میں اس واقعہ کی تصدیق کی۔ ایئر انڈیا کے مطابق، پائلٹ سے اطلاع ملتے ہی احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کو سروس سے ہٹا دیا گیا۔
 ایئرلائن نے طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی ترجیحی بنیاد پر جانچ کرے اور پائلٹ کے خدشات کو دور کرے۔ اطلاعات کے مطابق، ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی۱۳۲؍ (بوئنگ۷۸۷-۸) لندن سے بنگلورو کے لیے روانہ ہونے والی تھی، لیکن پرواز سے قبل کیے جانے والے فلائٹ چیک کے دوران یہ مسئلہ سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھئے:شکست کے باوجود جوکووچ نے میلبورن کے شائقین کے دل جیت لیے

ایئر انڈیا کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ اس معاملے کی اطلاع ہوابازی کے نگران ادارے، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کو دے دی گئی ہے۔ ایئرلائن نے مزید کہا کہ معاملے کے جائزے کے دوران تمام ضروری حفاظتی طریقۂ کار پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ایئر انڈیا نے یہ بھی واضح کیا کہ اس سے قبل اس نے اپنے بیڑے کے تمام بوئنگ  ۷۸۷؍طیاروں کے فیول کنٹرول سوئچ کی جانچ کی تھی۔ یہ جانچ ڈی جی سی اے کی ہدایات کے مطابق کی گئی تھی اور اس وقت کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:پہلی فلم کے بعد چار سال تک دوسری فلم سائن کرنے پر پابندی تھی: اہان شیٹی

ایئر انڈیا نے مسافروں کو یقین دلایا ہے کہ حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی سب سے اہم ہے اور وہ اعلیٰ ترین حفاظتی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔ دسمبر میں ایئرلائن نے بتایا تھا کہ ممبئی جانے والی ایک پرواز تکنیکی خرابی کے باعث پرواز کے کچھ ہی دیر بعد دہلی واپس لوٹ آئی تھی۔ ۲۲؍ دسمبر کو جاری بیان میں ایئرلائن نے کہا تھا کہ طیارہ دہلی میں بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر اور عملے کے اراکین  بحفاظت اتر گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK