Inquilab Logo Happiest Places to Work

راج ٹھاکرے کی جانب سے ایران کی حمایت

Updated: March 20, 2026, 1:32 AM IST | Mumbai

ایم این ایس سربراہ نےکہا’’ ایران نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے ،ہم نے آیت اللہ خامنہ ای کی موت پر ایک خط تک نہیں لکھا ‘‘

MNS chief Raj Thackeray was addressing the annual rally at Gudi Padwa.
ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے گڑی پاڑوا کے سالانہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے

مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ  راج ٹھاکرے نے گڑی پاڑوا کے موقع پر اپنے سالانہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  راج ٹھاکرے نےایران۔ اسرائیل جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے نہ صرف وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ باقاعدہ طور پر ایران کی حمایت کی جو اپنے آپ میں ایک انہونی نظر آتی ہے۔
 راج ٹھاکرے نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے پس منظر میں نریندر مودی کے کردار پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کچھ اہم باتوں کو نظر انداز کر دیا ہے۔  ایم این ایس سربراہے کے مطابق ’’ ایران نے ہمیشہ بحران کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ ہمیں جو خام تیل ملتا ہے وہ ایران سے آتا ہے اور وہ بھی روپے میں( ڈالر میں نہیں) دیا ہے۔ انہوں نے یاد رلایا کہ ایران نے کشمیر کے معاملے پر بھی ہمارا ساتھ دیا ہے لیکن خامنہ ای کی موت کے بعد اور اس وقت بھی جب ایران پر حملہ ہو رہا تھا، ہندوستان نے احتجاج کا ایک سادہ سا خط بھی جاری نہیں کیا۔
  راج ٹھاکرے نے زور دے کر کہا ’’ایسے ملک کیلئے کھڑا نہ ہونا جو مشکل کی گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑا  رہا ہو، مستقبل میں ہمارے  لئے پریشانی کا باعث  بن سکتا ہے ۔راج ٹھاکرے نے اس موقع پر کہا کہ ہم یہ سب صرف تالیاں بجانے کیلئے نہیں بلکہ مہاراشٹر کے مفاد کے لئے بول رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا کہ ’’ جنوری کے اجلاس میں میں نے بہت سے لوگوں کی بخیہ ادھیڑی تھی لیکن لوگ جلدی بھول جاتے ہیں۔ انہیں کچھ یاد نہیں رہتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم کہاں جا رہے ہیں اور ملک کی ترقی کس طرف ہو رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو سخت ہدایت دی کہ وہ انسٹاگرام سے دور رہے ہیں اور تعمیری کاموں پر توجہ دیں۔ یہ وقت ضائع کرنے کا نہیں ہے بلکہ ملک کی ترقی میں حصہ دار بننے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی معاملے پر سوشل میڈیا پر اپنا غصہ اتارتے ہیں پھر چپ بیٹھ جاتے ہیں۔ ہم صرف موبائل میں گھسے رہتے ہیں۔ یہ وقت راستوں پر اترنے کا ہے۔ 
 ہم اقتدار میں ضرور آئیں گے 
  اس دوران راج ٹھاکرے نے  یہ حیران کن دعویٰ بھی کیا کہ وہ ( ان کی پارٹی ) اقتدار میں ضرور آئے گی۔  انہوں نے کہا ’’ہم مہاراشٹر کی کھوئی ہوئی شان کو بحال کرنے کیلئے  اقتدار سنبھالیں گے، یہ میرے الفاظ نہیں بلکہ میرا اعتماد ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ایم این ایس سربراہ ممبئی کے شیواجی پارک میں واقع شیو تیرتھ میں گڑی پاڑوا کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع انہوں اپنے کئی عزائم کا اظہار کیا۔ اس سال ان کی پارٹی ایم این ایس کا ۲۰؍ واں یوم تاسیس تھا۔ اس مناسبت سے گڑی پاڑوا کے خطاب کی ایم این ایس کارکنان کیلئے بھی زیادہ اہمیت تھی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قلت ہے جس کی وجہ سے بیشتر ممالک پریشان ہیں لیکن حکومت ان تمام معاملات میں بے خبر اور لاتعلق نظر آتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK