• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجستھان: بی جےپی کو پٹخنی، کانگریس کی شاندار فتح

Updated: November 21, 2026, 10:34 AM IST | Agency | Jaipur

پنچایت الیکشن میں اپوزیشن نے ۲۵؍ضلع پریشد وں پر قبضہ کیا، زعفرانی پارٹی ۵؍ پر سمٹ گئی، وزیراعلیٰ بھجن لال اور سینئر لیڈر وسندھرا کے علاقے بھی ہاتھ سے نکل گئے۔

Rajasthan Congress President Govind Singh Dotasra and Leader of the Opposition Tikaram Jully celebrating the results. Photo: INN
راجستھان کانگریس کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا اور اپوزیشن لیڈر ٹیکا رام جولی نتائج پرجشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

بی جےپی کو اس کے اقتدار والی ریاست راجستھان  میں  کانگریس نے پنچایت الیکشن میں  دھول  چٹا دی ہے۔ عالم یہ ہے کہ وزیراعلیٰ بھجن لال اور پارٹی کی سینئر لیڈر وسندھرا راجے کے علاقے سے بھی بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کا صفایا ہوگیاہے۔ کانگریس نے۳۷؍ میں سے   ۲۵؍ ضلع پریشد جیت لی ہیں  جبکہ بی جےپی نے صرف ۵؍ ضلع پریشدوں پر قبضہ کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ ایک آر ایل  پی کے حصے میں آئی  ہے۔ جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے، ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ضلع پریشد کے علاوہ  پنچایت سمیتیوں  پر بھی کانگریس  زعفرانی پارٹی سے بہت  آگے چل رہی ہے ۔اس نے ۲۶۹؍ پنچایت سمیتیوں  میں اکثریت حاصل کی ہے جبکہ بی جےپی کو صرف ۷۳؍ پر سبقت حاصل ہے۔ ۶۰؍ پر آزاد امیدوار بازی مارتےہوئے نظر آئے۔ 

جے پور میں کانگریس ہیڈ کوارٹرز میں جشن 

انتخابی نتائج   کے اعلان کے بعد جے پور میں کانگریس کے ہیڈ کوارٹرز میں جشن کا ماحول ہے جبکہ بی جےپی   کے صدر دفتر پر سناٹا چھایا ہوا ہے۔ راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی نے نتائج پر خوشی کااظہار کرتےہوئےایکس پر پوسٹ کیا ہے کہ ’’ریاست کے پنچایتی  ا نتخابات میں کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔عوام نے کانگریس کو مکمل اکثریت کے ساتھ زبردست فتح سے ہمکنار کیا ہے۔‘‘ پارٹی   نے خوشی کااظہار کیا ہے کہ ’’ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات میں کانگریس کا بول بالا رہا ہے۔یہ نتائج راجستھان میں بی جے پی کی بدعنوانی اور جنگل راج سے مایوس عوام کے غصے کا واضح ثبوت ہیں۔‘‘ کانگریس نے بہتر مستقبل کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کامیابی کی یہ لہر اب طوفان بنے گی اور بی جے پی کی آمرانہ اور عوام مخالف حکومت کو ریاست سے اکھاڑ پھینکے گی۔‘‘

سیٹوں کے لحاظ سے نتائج پر ایک نظر 

جمعہ کو ۴۱؍ اضلاع میں سے ۳۷؍ اضلاع   میں ووٹوں  کی گنتی عمل میں آئی۔ شام ساڑھے ۴؍ بجے تک کے اعلان کردہ  نتائج کے مطابق کانگریس نے پنچایت سمیتی کی ۳؍ ہزار ۴۳۶؍  سیٹیں جیتی  ہے جبکہ بی جےپی نے ۲؍ ہزار ۵۴؍ سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اسی طرح ضلع پریشد کی ۳۲۱؍ سیٹیں  کانگریس کے حصے میں  آئی ہیں جبکہ   بی جےپی کو ۱۸۵؍ پر اکتفا کرنا پڑا۔ پنچایت سمیتی کی کل  ۷؍ ہزار ۵۴۳؍سیٹیں اور ضلع  پریشد کی ایک ہزار ۲۷۵؍ نشستیں ہیں۔ 

۴؍ اضلاع کے نتائج ۱۷؍ دسمبر کو جاری ہوںگے

کوٹہ ،بارن، کرولی اور شری گنگا نگر اضلاع  میں ووٹنگ تو ہوئی  ہے مگر جمعہ کو گنتی عمل میں نہیں آئی۔ یہاں نتائج کا اعلان ۱۷؍ دسمبر کو کیا جائےگا کیوں کہ موجودہ ضلع پریشدوں  اور پنچایت سمیتیوں  کی  ۵؍ سال کی میعاد آئندہ ماہ مکمل ہوگی۔  ان میں ضلع پریشد کے ۱۲۸؍ وارڈ اور  ۳۸؍ پنچایت سمیتیوں میں ۷۰۲؍ سیٹیں  ہیں۔ 

 حکومت مخالف لہر، بی جےپی کیلئے لمحہ فکریہ

نتائج نے بی جے پی حکومت کے خلاف عوامی ناراضی اور اقتدار مخالف لہر کو واضح کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما  خود کو سخت گیر اور نظم و ضبط کا پابند لیڈر ثابت کرنے کی کوشش  کرتے ہیں تاہم وہ واضح طورپر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔  راجستھان میں ۲۰۲۸ء میں   اسمبلی الیکشن  ہونے ہیں اور پنچایتی انتخابات کو بی جےپی کیلئے نوشتہ ٔ دیوار قرار دیا جا رہا ہے۔  دوسری طرف کانگریس کیلئے بھی نتائج کسی چیلنج سے کم نہیں ہیں۔ فتح کی شادمانی میں کھو جانے کے بجائے کانگریس  کو پارٹی کے تئیں عوام کے اعتماد کو نہ صرف برقرار رکھنا ہوگا بلکہ اس میں اضافہ کرناا ور داخلی انتشار پر قابو پانا ہوگا۔ 

 وزیر  کے خاندان  کے۴؍ افراد ہارگئے

شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے ریاستی  وزیر جھابر سنگھ کھرا کے خاندان کے ۴؍ افراد کو بھی پنچایتی الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ان میں ان کی اہلیہ شانتی دیوی، دونوں بیٹے اجے سنگھ اور درگا سنگھ اور چھوٹے بھائی کی اہلیہ پرتیما کھرا شامل ہیں۔     اسی طرح اوسیان پنچایت سمیتی میں بی جے پی کے سابق وزیر شمبھو سنگھ کھیٹا سار کی اہلیہ اورسابقہ الیکشن میں  پردھان  بننے والی کنور کھیٹاسار کو بھی عوام نے مسترد کردیا۔ اُن کی بہو کرن کنور کوبھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK