Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجستھان : گنگا نگر میں درجہ حرارت ۴ء۴۹؍ ڈگری

Updated: June 15, 2025, 12:39 PM IST | New Delhi

ملک بھر میں۲۲؍ مقامات پر درجہ حرارت ۴۴؍ڈگری یا اس سے زیادہ درج کیا گیا ،گرمی سےیوپی میں ۱۷؍ ا ور پنجاب میں۲؍ کی موت

Medical and CISF personnel during a mock drill to save people from heat in Agra. (PTI)
آگرہ میںمیڈیکل اورسی آئی ایس ایف کے اہلکارگرمی سے لوگوں کو بچانے کیلئے موک ڈرل کے دوران ۔(پی ٹی آئی)

پورا شمالی ہند اس وقت شدید گرمی اور لُو کی زد میں ہے۔ دہلی، راجستھان، ہریانہ، اتر پردیش سے لے کر بہار تک لوگ گرمی سے بے حال ہیں۔ جمعہ اور سنیچر کو ملک بھر میں۲۲؍ مقامات پر درجہ حرارت ۴۴؍ڈگری سلسیس یا اس سے زیادہ درج کیا گیا۔ راجستھان کے گنگا نگر میں اس موسم کا سب سے گرم دن رہا اور یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت  ۴ء۴۹؍ ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا جو معمول  سے۸؍ ڈگری زیادہ ہے۔ اُمس اور گرمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں ۔ شدید گرمی کی وجہ سے اب تک اتر پردیش میں۱۷؍ اورپنجاب میں ۲؍افراد کی موت ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چُرو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۷ء۶؍ ڈگری، جیسلمیر میں۴۶ء۹؍ڈگری، بیکانیر میں۴۶ء۴؍ڈگری، جودھپور میں ۳ء۴۶؍ ڈگری، فلودی  اور باڑمیر میں ۳ء۴۶؍ ڈگری، پلانی  میں۴ء۴۵؍ڈگری، لون کرنسر میں ۲ء۴۵؍ ڈگری، پالی و فتح پور ۴۵؍ ڈگری، چتوڑ گڑھ میں۹ء۴۴؍ڈگری، سنگریا میں ۶ء۴۴؍ ڈگری، جھنجھنو می ں۵ء۴۴؍ ڈگری، ناگور میں۴ء۴۴؍ ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ راجدھانی جے پور میں جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ  حرارت ۴۴ء۵؍ڈگری  رہا۔
 محکمہ موسمیات نے اُمید ظاہر کی ہے کہ سنیچر اوراتوار سےملک کے کئی علاقوں میں مانسون سے پہلے موسمی سرگرمیاں شروع ہونے سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق راجستھان کے ادئے پور، کوٹا، جئے پور اور بھرت پور ڈویژن کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کمی آنے کا امکان ہے۔ بہار میں مانسون کی تاخیر سے لوگ کافی پریشان ہیں۔ پہلے پیش گوئی تھی کہ مانسون ۱۳؍ سے۱۵؍ جون کے درمیان آئے گا لیکن اب آئی ایم ڈی کا کہنا  ہےکہ ۱۶؍ جون کو مانسون دستک دے سکتا ہے۔ بہار کے لوگوں کو ابھی کچھ دنوں اور شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہماچل میں بارش کی وارننگ،شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ
 ہماچل پردیش میں چمبا-بھرمور  شاہراہ پر سنوارا اور بھوتشنگی کے درمیان سنیچر کو لینڈ سلائیڈنگ اور چٹان گرنے سے سڑک بند ہوگئی ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جب چھوٹے پتھر نیچے گرنے لگے تو وارننگ جاری ہونے کے بعد اہلکاروں نے فوری کارروائی کی۔ اسی دوران ایک بڑی چٹان سڑک پر گر کر نیچے وادی میں گر گئی ، بہرحال، اس سے کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کی آمدورفت بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
 اس دوران ریاست کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملی۔ تاہم، ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جنوب مغربی مانسون کی آمد سے قبل  اگلے چار دنوں میں مختلف علاقوں میں ۵۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی ہے۔تازہ ترین آئی ایم ڈی بلیٹن نے شملہ، پالم پور، کانگڑا، بھونتر، جوٹ اور سندر نگر میں گھن گرج کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے ۔ ژالہ باری کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن بلاسپور میں۶۵؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں، سیو باغ اور باجوڑہ میں۵۷؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
 چوار میں سب سے زیادہ۳۱ء۴؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پالم پور میں۲۹ء۸؍ ملی میٹر، رائے پور میدان میں۲۵ء۲؍ ملی میٹر اور برتھن  میں۲۴ء۶؍ ملی میٹر، منالی میں۱۸؍ ملی میٹر اور کانگڑا میں۲۱ء۸؍ملی میٹر بارش ہوئی۔
 اس دوران اونا ہماچل پردیش کا سب سے گرم مقام تھا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۲ء۷؍ ڈگری تھا۔ کانگڑا میں۳۸؍ ڈگری، منڈی اور ہمیر پور میں۳۷ء۴؍ ڈگری، بھونتر میں ۳۷ء۳؍ ڈگری اور بلاسپور  میں ۳۹؍ڈگری  درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ پہاڑی علاقوں میں دھرم شالہ، ڈلہوزی۲۸ء۲؍ ڈگری، منالی۲۹ء۲؍ڈگری اور شملہ میں ۲۷ء۵؍ ڈگری سلسیس۔ قبائلی علاقہ کیلونگ سرد ترین مقام تھا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۵ء۳؍ ڈگری  تھا۔محکمہ موسمیات نے متعدد ریاستوں میں ہیٹ ویو کی وارننگ بھی جاری کی ہے جبکہ کئی ریاستوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ نے لوگوں کو موسم کی تبدیلی  سے آگاہ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور تیز ہواؤں کا خطرہ ہے۔

rajasthan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK