پنجاب نے آئی پی ایل میں راجستھان کو ۱۰؍ رن سے مات دی ۔ نہال وڈھیرا اور ششانک سنگھ کی اچھی بلے بازی۔ برار نے ۳؍ وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 11:15 AM IST | Agency | Jaipur
پنجاب نے آئی پی ایل میں راجستھان کو ۱۰؍ رن سے مات دی ۔ نہال وڈھیرا اور ششانک سنگھ کی اچھی بلے بازی۔ برار نے ۳؍ وکٹ لئے۔
نہال وڈھیرا (۷۰) اور ششانک سنگھ (ناٹ آؤٹ۵۹؍رن) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کے بعد شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۶۰؍ویں میچ میں اتوار کو راجستھان رائلز کو۱۰؍ رن سے شکست دی۔ پنجاب کنگز کی یہ مسلسل تیسری جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر اور پلے آف کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے۔
۲۲۰؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان رائلز کیلئے یشسوی جیسوال اور ویبھو سوریہ ونشی کی اوپننگ جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے وکٹ کی شراکت میں۷۶؍رن کا اضافہ کیا۔ ہرپریت برار نے پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر ویبھو سوریہ ونشی کو آؤٹ کرکے پنجاب کو پہلی کامیابی دلائی۔ ویبھو سوریہ ونشی نے۱۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ۴؍چھکوں کی مدد سے ۴۰؍رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد ہرپریت نے ۹؍ویںاوور میں یشسوی جیسوال کو آؤٹ کرکے راجستھان کو مشکل میں ڈال دیا۔ یشسوی جیسوال نے۲۵؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۰؍رن بنائے۔ راجستھان کا تیسرا وکٹ سنجو سیمسن۱۶؍ گیندوں پر(۲۰؍رن) کی شکل میں آؤٹ ہوا۔ انہیں عمرزئی نے آؤٹ کیا۔ ۱۴؍ویں اوور میں ہرپریت نے ریان پراگ (۱۳؍رن) کو بولڈ کر کے میچ میںجوش و خروش بڑھا دیا۔ اس کے بعد دھرو جریل اور شمرون ہتمائر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ عمرزئی نے۱۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر ہتمائر (۱۱؍رن) کو آؤٹ کیا۔۲۰؍ویں اوور میں مارکو جانسن نے پہلے۳۱؍ گیندوں پر دھرو (۵۳؍رن) اور پھر اگلی ہی گیند پر وینندو ہسرنگا (صفر) کو آؤٹ کر کے راجستھان کے منہ سے فتح چھین لی۔ راجستھان رائلز کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر صرف۲۰۹؍ رن بنا سکی اور۱۰؍ رن سے میچ ہار گئی۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کنگز پلے آف کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے، اگر شام میں گجرات میچ جیت جاتا ہے تو پنجاب، آر سی بی اور گجرات ٹائٹنس پلے آف میں پہنچ جائیں گی۔ پنجاب کنگز کی جانب سے ہرپریت برار نے ۳؍ وکٹ لئے۔ عظمت اللہ عمرزئی اور مارکو جانسن نے ۲۔۲ظ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل نہال وڈھیرا (۷۰؍رن ) اور ششانک سنگھ (ناٹ آؤٹ۵۹؍رن) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے ۵۹؍ویں میچ میں اتوار کو راجستھان رائلز کو جیت کے لئے ۲۲۰؍ رن کا ہدف دیا۔
یہاں آج پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایّرنے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کو ابتدائی دھچکا اس وقت لگا جب تشار دیشپانڈے نے پریانش آریہ (۹؍رن) کو دوسرے اوور میں شیمرون ہتمائر کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ اگلے ہی اوور میں وینا مفاکا نے مشیل اووین (صفر) کو آؤٹ کیا۔ چوتھے اوور کی پہلی گیند پر تشار نے پربھسمرن سنگھ (۱۰؍ گیندوں پر ۲۱؍رن ) کو آؤٹ کرکے پنجاب کو تیسرا جھٹکا دیا۔ بعد ازاں، نہال وڈھیرا اور کپتان شریاس ایّر نے پنجاب کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے۶۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔۱۱؍ویں اوور میں ریان پراگ نے شریاس ایّر کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ شریاس ایّر نے۲۵؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ۳۰؍ رن بنائے۔
پنجاب کا ۵؍واں وکٹ۱۶؍ویں اوور میں نہال وڈھیرا کی صورت میں گرا۔ آکاش مدھوال نے ہتمائر کے ہاتھوں انہیں کیچ آؤٹ کیا۔ نہال وڈھیرا نے۳۷؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے ۷۰؍ رن بنائے۔ ششانک سنگھ نے ۳؍ چھکوں اور ۵؍ چوکوں کی مدد سے۳۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۵۹؍ رن بنائے۔ اس دوران عظمت اللہ عمرزئی نے ۹؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۱؍ رن ناٹ آؤٹ بنائے۔ مڈل آرڈر بلے بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب کنگز نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ کے نقصان پر۲۱۹؍ رن بنائے۔ راجستھان رائلز کی جانب سے تشار دیشپانڈے نے ۲؍ وکٹ لئے۔ ریان پراگ، آکاش مگھوال اور وینا مفاکا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔