Inquilab Logo

رجنی کانت دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے سرفراز، منوج واجپئی کوبہترین اداکار کا نیشنل ا یوارڈ

Updated: October 26, 2021, 10:30 AM IST | new Delhi

بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ کنگنا رناوت کو ان کی فلم ’منی کرنیکا‘ اور ’پنگا‘ کیلئے دیا گیا ، منوج واجپئی کوفلم ’بھوسلے ‘ اور دھنش کو فلم ’آسورن‘ کیلئے بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا

Vice President venkaiah Naidu conferring Dada Sahib Phalke Award on Rajni Kant. (PTI)
نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو رجنی کانت کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

: معروف اداکار رجنی کانت کو سنیما کے شعبے میں ان کے غیر معمولی تعاون کے لیے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے پیر کو یہاں اداکار رجنی کانت کو۶۷؍ویں نیشنل فلم ایوارڈز۲۰۱۹ء کی تقریب میں سنیما کی دنیا کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا ۔ بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ کنگنا رناوت کو ان کی فلم ’منی کرنیکا‘ اور ’پنگا‘ کے لیے دیا گیا ، وہیں منوج واجپئی کو ان کی فلم ’بھوسلے ‘کیلئے اور دھنش کو ان کی فلم ’آسورن‘ کیلئے بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔بہترین ہندی فلم کا ایوارڈ آنجہانی سوشانت سنگھ راجپوت کی فلم ’چھچھورے‘ کو دیا گیا  ۔  نان فیچر فلم کے زمرے میں بہترین فلم کا ایوارڈ ’ این انجینئرڈ ڈریم ‘ کو ملا ۔ ’اسپیشل مینشن‘ ایوارڈ چار فلموں ، ’بریانی‘ ، `جونا کی پوربا‘ (آسامی) ،’لتا بھگوان کارے ‘(مراٹھی) ، ’پکاسو‘ (مراٹھی) کو ملا ہے ۔ ۲۰۱۹ء کی ’موسٹ فلم فرینڈلی اسٹیٹ ‘  زمرے میں۱۳؍ ریاستوں نے حصہ لیا تھا، یہ ایوارڈ سکم کو ملا ہے۔بہترین سوانح عمری فلم کا ایوارڈ سواتی پانڈے کی ہدایت کاری میں بننے والےفلم ’ ایلیفینٹ ڈو ریمیمبر‘ نے جیتا ہے۔  جنوبی ہند کی فلموں کے اداکار وجئے سیتوپتی کو بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کے زمرے میں ان کی تامل فلم ’سپر ڈیلکس‘ کیلئے ایوارڈ دیا گیا ،   وہیں ہندی فلم ’دی تاشقند فائلز‘ میں شاندار کردار نبھانے کے لئے بیسٹ سپورٹنگ ایکٹرس کے زمرے میں پلوی جوشی کو نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔پدم وبھوشن رجنی کانت نے اپنے داماد دھنوش کے ساتھ تقریب میں شرکت کی۔ ان کی اہلیہ لتا اور ان کی بیٹی ایشوریہ بھی وہاں موجود تھیں۔اداکارہ  رناوت کو اب تک تین بارنیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ فلم فیشن کے لئے سپورٹنگ ایکٹرس پھر فلم ’کوئین‘ اور ’تنو ویڈس منو‘ کے لئے انہیں یہ ایوارڈ ملا تھا ۔ ان کے علاوہ کئی دیگر زمروں میں نیشنل فلم ایوارڈ ملے ۔
تقریب میںنائب صدر جمہوریہ ایم ونکیائیڈو نے فلم بنانے والوں سے تشدد اور فحاشی دکھانے سے گریز کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ سنیما صنعت کو ایسا کچھ نہیں کرنا چاہئے جو ثقافت اور روایات کو کمزورکرتی ہے۔ نائیڈو نے پیر کو یہاں۶۷؍ویں نیشنل ایوارڈس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک فلم ا خلاقیات کےپیغام  پر مبنی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک اچھی فلم میں دلوں ا ور ذہنوں کو چھونے کی طاقت ہوتی ہے۔ سنیما دنیا کی سب سے سستی تفریح ہے اور فلم سازوں اور اداکاروں کو لوگوں، معاشرہ اور قوم کی بہتری کے لئے اس کا استعمال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ فلموں میں تشدد اور فحاشی دکھانے سے بچنا چاہیے اور فلموںکے ذریعے یہ اعلان کیا جانا چاہئے کہ  سماجی برائیاں  ناقال قبول  ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK