پہلگام حملے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نےعوام کو پھر تسلی دی، کہا کہ ’’آپ جو چاہتے ہیں وہ یقیناً ہو کررہے گا۔ ‘‘
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 10:41 AM IST | New Delhi
پہلگام حملے کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نےعوام کو پھر تسلی دی، کہا کہ ’’آپ جو چاہتے ہیں وہ یقیناً ہو کررہے گا۔ ‘‘
منگل کو پہلگام حملے کو ۲؍ ہفتے مکمل ہو جائیں گے۔ دوہفتے بعد بھی وہ دہشت گردگرفت میں نہیں آئے جو اسلحہ لے کر دن دہاڑے بیسرن کی وادی میں پہنچے، ۲۵؍ سیاحوں اور ایک مقامی نوجوان کو گولی ماری اور اطمینان سے جنگلوں میں روپوش ہوگئے تاہم وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو پھر ملک کے عوام کو تسلی دی کہ وہ’’ جو چاہتے ہیں وہ ہوکر رہےگا۔ ‘‘
دہلی میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ ان لوگوں کو منہ توڑ جواب دیں جو ہندوستان پر غلط نگاہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوام ان کے طریقہ کارسے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ کس طرح وہ جوکھم اٹھانے میں پیچھے نہیں رہتے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’میں آپ کو یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں، آپ کی جو خواہش ہے وہ ضرور ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ’’وزیر دفاع کی حیثیت سے یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے فوجیوں کے ساتھ مل کر کام کروں اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناؤں۔ ‘‘
پاکستان کو اسلحہ کی قلت کا سامنا
پاکستان کے تعلق سے خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ایک رپورٹ کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے ساتھ ہتھیاروں کے سودے کی وجہ سے اس کے توپ خانے خالی ہیں اور اسےگولہ بارود کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اس کی وجہ سےاس کی جنگی صلاحیت صرف ۴؍ دن تک محدود ہو گئی ہے۔ دعویٰ ہے کہ پاکستان کے پاس اتنا گولہ بارود نہیں ہے کہ وہ لگاتار ۹۶؍ گھنٹے کی لڑائی کے بعد جنگ جاری رکھ سکے۔ واضح رہےکہ معاشی فائدہ کیلئے پاکستان نے اسلحہ کی فروخت کا سودہ کیاہے۔