Inquilab Logo

راکیش ٹکیت نےگجرات میں  ٹریکٹر احتجاج اور گاندھی نگر کے گھیراؤ کی دھمکی دی

Updated: April 06, 2021, 12:46 PM IST | Agency | Ahmedabad

نوجوان کسانوں کو ڈر سے چھٹکارا حاصل کرنے کی تلقین کی، متنبہ کیا کہ اگر آندولن نہ کیاگیا تو کسان اپنی زمینوں سے محروم ہوجائیں گے

Rakesh Tikit showing his passport outside Sabarmati Ashram. Picture: PTI
راکیش ٹکیت سابرمتی آشرم کے باہر اپنا پاسپورٹ دکھاتے ہوئے۔تصویر :پی ٹی آئی

  بھارتیہ کسان یونین  کے  لیڈرراکیش ٹکیت نےوزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریاست گجرات میں  ان سے لوہا لینے کا اشارہ دیاہے۔ انہوں  نے گجرات میں ٹریکٹر  احتجاج اور گاندھی نگر میں  ریاستی دارالحکومت کا گھیرا ؤ کرنے کی دھمکی دی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے گاندھی نگر کی سڑکیں جام کرنے اور ضرورت پڑنے پربیریکیڈ توڑنے کا بھی اعلان  کیا ہے۔ ٹکیت جو اتوار سے گجرات میں خیمہ زن ہیں،   نے پیر کو سابرمتی آشرم کے باہر   نامہ نگاروں سے گفتگو میں بتایا  کہ گجرات کے کسان   پریشان  اور ناخوش ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ’’یہاں  کسان اپنے ٹریکٹرس کو استعمال کرتے ہوئے  احتجاج کریںگے، گاندھی نگر کا گھیراؤ کرنے اور وہاں سڑکیں جام کرنے کا وقت آگیاہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہمیں بیریکیڈ بھی توڑنے پڑیں  گے۔ ‘‘واضح رہے کہ ٹکیت متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے  دو دن کے گجرات دورے پر ہیں۔  انہوں  نے بتایا کہ بناس کنٹھا  کے کسان آلو کی پیداوار کو ۳؍ روپے فی کلو کی قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ’’اس سے کسان خوش ہوجائیں گے؟ہم یہاں کسانوں  کے دل سے خوف نکالنے آئے ہیں۔ ہم پرامن طریقے سے احتجاج کریںگے۔‘‘ واضح رہے کہ گجرات میں گزشتہ دنوں  بھارتیہ کسان لیڈر کو پریس کانفرنس کے دوران گرفتار کرلیاگیاتھا جس کے بعد کسان تنظیموں  کی توجہ اس جانب مبذول ہوئی ہے۔ راکیش ٹکیت نے گجرات کے نوجوان کسانوں کو احتجاج  کیلئے  تیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ  انہیں اپنا ’’ڈر نکالنا پڑےگا۔‘‘ اتوار کو پالن پور میں کسانوں سے خطاب میں انہوں نے  متنبہ کیا  کہ اگر آندولن نہیں کیاگیا تو کسان اپنی زمینوں  سےمحروم ہوجائیں گے۔ ٹکیت  کے مطابق ’’گجرات میں کسانوں کو آندولن میں کیسے  شریک  ہونا ہےاس کا فیصلہ انہیں خود کرنا ہے۔ ‘‘

gujarat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK