Inquilab Logo

وسئی، ویراراور پنویل میں ’ ہر گھر ترنگا ‘ مہم کے تحت اسکولی طلبہ کی ریلی

Updated: August 10, 2022, 10:26 AM IST | waseem patel and Kazim Shaikh | Mumbai

بچوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ا ور اس مہم سے متعلق مختلف نعرے لگائے، ان کے ہاتھوں گھروں میں پرچم بھی تقسیم کئے گئے

A scene of school children`s rally under the `Harghartaranga` campaign in Panvel.
پنویل میں ’ہرگھرترنگا‘ مہم کے تحت اسکولی بچوں کی ریلی کا منظر۔

:وسئی  ویرار میونسپل کارپوریشن نے آزادی کا امرت مہوتسو پر ’ہر گھر ترنگا‘  مہم کے تحت تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ پیر اور منگل کو اسکولی طلبہ کی ریلی نکالی گئی اور ان کے ہاتھوں گھروں میں پرچم بھی تقسیم کئے گئے۔ اسی طرح پنویل میں اسکولی بچوں نے  ریلی نکالی۔
 وسئی ویرار  کے ایک میونسپل افسر کے مطابق  یہاں میونسپل  اسکولوں  کے طلبہ نے ریلی نکالی۔ اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعہ اور ریلوے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم پر شہریوں کو ’ہر گھر ترنگا‘ کا پیغام پہنچایا جارہا ہے ۔  انھوں نے مزید کہا کہ اس  مہم کے ذریعہ وسئی ویرار مہانگر پالیکا (وی وی سی ایم سی) کے مختلف  وارڈوں میں `ہر گھر ترنگا کے بارے میں مختلف  طریقے سے لوگوں کو آگاہ کیا  جارہا ہے۔ 
  اس مہم میں کنچن ودیالیہ، کے ایم پی ڈی ودیالیہ، لوکمانیہ ودیالیہ، ڈیوائن ودیالیہ، نوتن ودیالیہ،  نندیپ ودیالیہ ، موریشور ودیالیہ، سینٹ فنس، یو ایس ودیالیہ، ٹھاکر ودیالیہ، انوسایا ودیالیہ، نیشنل ودیالیہ، جے دیپ ودیالیہ، ہولی ودیالیہ، گورو ودیالیہ اور بی بی ودیالیہ  اور دیگر اسکولوں کے طلبہ نے ریلی نکال کر ہر گھر ترنگا کا پیغام پہنچایا ۔
  وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے مطابق ضلع پریشد کے اسکولوںکے تقریباً  ۲؍ ہزار طلبہ نے پیر کو اس مہم میں حصہ لیا۔  اس میں اساتذہ، سابق فوجیوں  اور مقامی سماجی کارکنوں نے بھی حصہ لیا۔ 
  مذکورہ میونسپل  افسر نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے  ریلی میں حصہ لینے والے طلبہ کو پانی، بسکٹ اور ناشتہ فراہم کیا گیا ۔ پروگرام کے بعدریلی میں حصہ لینے والے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی بسوں  کے ذریعے ان کے اسکولوں تک  پہنچا یا بھی گیا ۔
 اسی طرح   پنویل ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انصرام جاری یعقوب بیگ ہائی اسکول میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی یعقوب بیگ ہائی اسکول سے نکل کر اہم راستوں سے گزرتے ہوئے واپس اسکول کے میدان میں ختم ہوئی۔ اس ریلی میں بڑی تعداد میں بچوں نے ہاتھوں میں ترنگا  تھامے اور مختلف نعروں والے پلے کارڈز کے ساتھ پر جوش اندازمیں حصہ لیا۔ریلی میں مختلف نعرے مثلاً ’جشن آزادی منانا ہے، ہر گھر ترنگا لہرانا ہے، امرت مہوتسو منائیں گے،ہر گھر ترنگا لہرائیں گے،  اٹھو بہا دو امن کی گنگا ،سب سے اونچا رہے ترنگا‘جیسے بلند کئے گئے۔ اس ریلی میں اساتذہ  نے بچوں کی رہنمائی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK