Inquilab Logo

رنبیر کپور کو بہترین اداکار، عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ ایوارڈ دیا گیا

Updated: January 30, 2024, 8:03 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کے راک اسٹار اداکار رنبیر کپور کو امسال بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیاجبکہ’ ۱۲؍ویں فیل‘ کو بہترین فلم قرار دیا گیا۔

Best Actress: Alia Bhatt. Photo: INN
بہترین اداکارہ: عالیہ بھٹ۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ کے راک اسٹار اداکار رنبیر کپور کو امسال بہترین اداکار اور عالیہ بھٹ کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیاجبکہ’ ۱۲؍ویں فیل‘ کو بہترین فلم قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ بہترین اداکار کے طور پر شاہ رخ خان اور سنی دیول جیسے اداکار، بہترین اداکارہ کے طور پر دپیکا پڈوکون اور بہترین فلم کے طور پر’جوان‘ اور’پٹھان‘جیسی  کامیاب فلمیں بھی نامزد تھیں لیکن  ایوارڈ رنبیر ، عالیہ اور ۱۲؍ویں فیل کے حصے میں آئے۔
گجرات کے گاندھی نگر میں۶۹؍ویں فلم فیئر ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا۔ رنبیر کپور کو فلم’ اینی مل‘ کیلئے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ عالیہ بھٹ کو `’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کیلئے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ ودھو ونود چوپڑا کو ’۱۲؍ویں فیل‘کیلئے بہترین ہدایت کار کے فلم فیئر اعزاز سے نوازا گیا۔
 اسی طرح وکی کوشل کو فلم’ڈنکی‘ کیلئے بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوار ڈ دیا گیا جبکہ شبانہ اعظمی کو فلم ’راکی ​​اور رانی کی پریم کہانی‘ میں معاون کردار کیلئے ایوارڈ ملا۔ بہترین پلے بیک (مرد) کا فلم فیئر ایوارڈ ’اینی مل‘ کے ’ارجن ویلی‘ کیلئے بھوپندر ببل کو ملاجبکہ بہترین پلے بیک (خواتین) کا فلم فیئر ایوارڈ’پٹھان‘ کے’بے شرم رنگ‘ کیلئے شلپا راؤ کو دیا گیا۔
 بیسٹ میوزک البم کا فلم فیئر ایوارڈ ’اینی مل‘کیلئے پریتم،  وشال مشرا، منن بھاردواج، شریاس پرانک، جانی، بھوپندر ببل، عاصم کیم سن، ہرش وردھن رامیشور اور گرندر سیگل کودیا گیا۔ بہترین مکالمے کا فلم فیئر ایوارڈ ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کیلئے ایشیتا موئترا نے جیتا۔
 بیسٹ فلم (کریٹکس) کا فلم فیئر ایوارڈ منوج باجپئی کی فلم ’زورم ‘کو ملاجبکہ وکرانت میسی کو فلم فیئر بہترین اداکار میل (کریٹکس) کا ایوارڈ دیا گیا۔ رانی مکھرجی کو مسز چٹرجی ورسز ناروے کیلئے فلم فیئر بیسٹ ایکٹر (کریٹکس) کا ایوارڈ دیا گیا۔ بیسٹ  ڈیبیو ڈائریکٹر کا ایوارڈ ترون ڈودیجا  کو’ دھک دھک‘ کیلئے دیا گیا۔ بیسٹ ڈیبیواداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ سلمان خان کی بھانجی علیزے کو دیا گیا جبکہ آدتیہ راول کو فلم ’فراز‘ کیلئے بہترین ڈیبیو اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔’ذرا ہٹ کے زرا بچ کے‘  کے’تیرے واسطے‘ کیلئے امیتابھ بھٹاچاریہ کو بیسٹ سانگ کو فلم فیئر ایوارڈ ملا۔
 ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون کو فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ۲۰۲۴ء سے نوازا گیا ہے۔ بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ ودھو ونود چوپڑا کو۱۲؍ویں فیل کیلئے دیا گیا۔ ’اپ کمنگ میوزک ٹیلنٹ‘ (آر ڈی برمن ایوارڈ) شریاس پرانک نے ’اینی مل‘ کے گانے سترنگا کیلئے جیتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK