وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے طلبہ کو سیاسی جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیا، اصلاحات اور امتحانات کی جانچ کی یقین دہانی کرائی
EPAPER
Updated: August 11, 2026, 11:42 PM IST | Ranchi
وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے طلبہ کو سیاسی جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیا، اصلاحات اور امتحانات کی جانچ کی یقین دہانی کرائی
ان الزامات کے بیچ کہ بی جےپی نے رانچی میں طلبہ کے احتجاج کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی اور پیرکو اسمبلی مارچ کے وقت شرپسند عناصر پرامن طلبہ کے ہجوم میں شامل ہوگئے تھے، جھارکھنڈ پولیس نے تشدد کے الزام میں ۱۱۰؍ کے قریب اے بی وی پی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ گرفتاری منگل کو اے بی وی پی کے اسمبلی مارچ کے دوران ہوئی ۔اس بیچ کانگریس لیڈر سپریہ شرینیت نے ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں بس بھر کر لائے گئے نوجوان بتارہے ہیں کہ انہیں احتجاج میں شرکت کیلئے مغربی بنگال سے لایاگیاہے اورپیسے دیئے گئے ہیں۔ منگل کو پھروزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے طلبہ کو امتحان میں بے ضابطگیوں کی جانچ یقین دہانی کراتے ہوئے ان سے اصلاحات میں حکومت کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔
اصلاحات کیلئے طلبہ کی جانب سے تجاویز ملیں
وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے منگل کی شام ایک بار پھر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں سے رابطہ کیا اور طلبہ و نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے امتحانی نظام میں اصلاحات کے عمل کا حصہ بنیں۔ سورین نے کہا کہ حکومت کو امتحانی عمل کو بہتر بنانے اور بھرتی امتحانات میں زیادہ شفافیت کیلئے طلبہ کی جانب سے کئی اہم تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ان تجاویز میں او ایم آر پر مبنی امتحان کا انعقاد، امتحانات کا مقررہ کیلنڈر جاری کرنا، اسکور کارڈ اور سوالیہ پرچے فراہم کرنا، بھرتی امتحانات میں شفافیت بڑھانا،تکنالوجی کا زیادہ استعمال کرنا اور آئینی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے دونوں بھرتی کمیشنوں میں ضروری اصلاحات کرنا شامل ہیں۔
’’طلبہ کی آواز، طلبہ کے ساتھ‘‘
وزیر اعلیٰ نے ایکس پوسٹ میں بتایا کہ امتحانی عمل کو بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کی گئی مہم ’’طلبہ کی آواز، طلبہ کے ساتھ‘‘ کے تحت اب تک۸؍ہزار ۵۰۰؍ سے زیادہ تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ریاست میں امتحانات سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان سورین کی جانب سے گزشتہ ۳؍ دنوں میں سوشل میڈیا پرنوجوانوں کے نام وزیراعلیٰ سورین کا یہ تیسرا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ مسائل پر بحث کے ساتھ ہی ایسا مضبوط امتحانی نظام چاہتی ہے جو موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے شفاف، منصفانہ، محفوظ، قابل اعتماد اور جوابدہی پر مبنی ہو۔
آج احتجاج کا ۱۹؍ واں دن
بھرتی امتحانات میں بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ اور ملازمت کے امیدواروں کے احتجاج نے منگل کو۱۸؍ دن مکمل کرلئے ۔ بدھ کو احتجاج کا ۱۹؍ واں دن ہوگا۔ ریاستی حکومت نے تمام امتحانات کی جانچ کی پیشکش کی ہے اور اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ طلبہ کو مظاہرہ ختم کرنے پر آمادہ کیا جائے۔