کمپنی نے اپنے نتائج میں بتایا کہ جنوری سے جون کے درمیان اس کا مجموعی خالص خسارہ ۶؍ہزار ۸۱۱؍ کروڑ روپے رہا جبکہ آمدنی صرف ۲۴؍ کروڑ روپے رہی۔
EPAPER
Updated: August 12, 2026, 12:57 PM IST | Agency | New York
کمپنی نے اپنے نتائج میں بتایا کہ جنوری سے جون کے درمیان اس کا مجموعی خالص خسارہ ۶؍ہزار ۸۱۱؍ کروڑ روپے رہا جبکہ آمدنی صرف ۲۴؍ کروڑ روپے رہی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی میڈیا کمپنی ’’ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ‘‘(ٹی ایم ٹی جی ) کو رواں سال اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران۲۲۶۱؍ کروڑ روپے کا خسارہ ہوا ہے جبکہ اس مدت میں کمپنی کی مجموعی آمدنی محض ۱۶؍ کروڑ روپے رہی۔ کمپنی نے امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی اپنی سہ ماہی رپورٹ میں یہ تفصیلات پیش کی ہیں۔ جنوری سے جون ۲۰۲۶ء تک کے ۶؍ ماہ کے دوران کمپنی کا مجموعی خالص خسارہ۶؍ ہزار ۸۱۱؍روپے تک پہنچ گیا، جبکہ آمدنی صرف۲۳؍ کروڑ روپے رہی یعنی چھ ماہ میں کمپنی کا خسارہ اس کی مجموعی آمدنی سے تقریباً ۲۵۸؍ گنا زیادہ رہا۔
یہ بھی پڑھئے: ووڈافون آئیڈیا کی آمدنی میں اضافہ، خسارہ کم ہوا، گاہک بڑھ گئے
گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں اپریل تا جون کمپنی کے خسارے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کے بڑے خسارے کی بنیادی وجہ ڈیجیٹل اثاثوں اور کمپنی کے پاس موجود حصص کی قدر میں کمی بتائی گئی ہے۔ ان اثاثوں کی قیمت گرنے سے کمپنی کو تقریباً۱۸؍ سو کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی پر تقریباً ۱۱۱؍ کروڑ روپے کا سود اور ۷۷؍کروڑ روپے کے شیئر پر مبنی معاوضے کا خرچ بھی آیا۔ ان اخراجات نے کمپنی کے مجموعی خسارے کو مزید بڑھا دیا۔ اس کے مقابلے میں کمپنی کی آمدنی انتہائی معمولی رہی۔ اپریل سے جون کے دوران تقریباً ۱۳؍ کروڑ روپے اشتہارات سے جبکہ صرف ۱ء۷؍ کروڑ روپے سبسکرپشن سے حاصل ہوئے۔
ٹروتھ سوشل گلے کی ہڈی بن گیا ہے
ڈونالڈ ٹرمپ نے۲۰۲۲ء میں ٹروتھ سوشل لانچ کیا تھا۔ اس کا مقصد ٹرمپ اور ان کے حامیوں کیلئے ایسا سوشل میڈیا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں انہیں بڑے ٹیک پلیٹ فارمز کی جانب سے عائد پابندیوں یا مواد سے متعلق پالیسیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔لیکن یہ پلیٹ فارم اب تک ایکس یا فیس بک سے مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہوسکا ہے۔