Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووڈافون آئیڈیا کی آمدنی میں اضافہ، خسارہ کم ہوا، گاہک بڑھ گئے

Updated: August 12, 2026, 12:53 PM IST | Agency | Mumbai

ملک کی تیسری بڑی ٹیلی کام کمپنی نے پہلی سہ ماہی کے نتائج جاری کئے، خسارہ ۳؍ ہزار ۷۵۴؍ کروڑ روپے رہ گیا، اوسط آمدنی فی صارف میں اضافہ، صارفین کی تعداد میں اضافہ۔

Vodafone Idea has improved its operational capabilities, resulting in a reduced loss. Picture: INN
ووڈافون آئیڈیا نے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنایا ہے جس سے خسارہ کم ہوا ہے۔ تصویر: آئی این این

ملک کی تیسری بڑی ٹیلی کام کمپنی ووڈافون-آئیڈیا نے موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی اپریل سے جون کے نتائج جاری کر د ئیے ہیں۔ ۳۰؍ جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں کمپنی کا خالص خسارہ کم ہو کر۳؍ ہزار ۷۵۴؍کروڑ روپے رہ گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں کمپنی کو ۶؍ ہزار ۶۰۸؍کروڑ روپےکا خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا۔ اس طرح سالانہ بنیاد پر خسارے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق خسارے میں کمی کی بڑی وجہ اوسط آمدنی فی صارف (ARPU) میں اضافہ اورفور جی اور فائیوجی خدمات استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں بہتری ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی کئی برس سے شدید مالی دباؤ، بھاری قرض اور صارفین کی تعداد میں مسلسل کمی جیسے مسائل سے دوچار رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہائبرڈ اور الیکٹرک کاریں یکم اپریل ۲۷ء سے سستی ہوں گی

آمدنی میں ۶؍ فیصد اضافہ

وودافون آئیڈیا کی مجموعی آمدنی اس سہ ماہی میں بڑھ کر ۱۱؍ ہزات ۶۶۰؍ کروڑ روپے ہوگئی، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ ۱۱؍ ہزار کروڑ روپے تھی۔ اس طرح کمپنی کی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر تقریباً ۶؍ فیصد اضافہ ہواہے۔ کمپنی کے آپریشنل منافع میں بھی بہتری دیکھی گئی۔ اس کا آپریشنل منافع گزشتہ سال کے ۴۶۰۰؍کروڑ روپے کے مقابلے میں ۹ء۱؍ فیصد بڑھ کر ۵۰ء۳۴؍ کروڑ روپےہوگیا۔ 

 انضمام کے بعد پہلی بار صارفین میں اضافہ

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ابھجیت کشور نے سہ ماہی نتائج کو کمپنی کی حکمت عملی اور عملی کارکردگی کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مالی سال کمپنی کے لیے عمل درآمد کا سال ہے اور پہلی سہ ماہی کی کارکردگی اس سمت میں حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر اس بات کو اہم قرار دیا کہ ووڈافون اور آئیڈیا کے انضمام کے بعد پہلی مرتبہ کمپنی نے صارفین کی تعداد میں اضافہ درج کیا ہے۔ ان کے مطابق کمپنی اس رفتار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ووڈافون آئیڈیا کی فائیو جی سروس بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کمپنی کے مطابق اس کافائیو جی نیٹ ورک ملک کے ۲۰۰؍ سے زیادہ شہروں میں فعال ہوچکا ہےاور دیگر شہروں میں اس کا کام جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مہنگائی کی دستک، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں

 نیٹ ورک پر ۹؍ ہزار کروڑ روپے کے آرڈر

کمپنی نے نیٹ ورک انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لئے سرمایہ کاری کا عمل بھی تیز کیا ہے۔ ووڈافون آئیڈیا کے مطابق اب تک تقریباً ۹؍ کروڑ روپے کے کیپٹل ایکسپنڈیچر آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری بنیادی طور پر نیٹ ورک کی توسیع، فور جی صلاحیت میں اضافے اور فائیو جی سروس کو مزید شہروں تک پہنچانے کیلئے کی جارہی ہے۔ کمپنی کے لیے یہ سرمایہ کاری اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ ملک کے ٹیلی کام مارکیٹ میں ریلائنس جیو اور بھارتی ایئرٹیل کی جانب سے فائیو جی اور نیٹ ورک توسیع پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری ہے۔ 

کمپنی کیلئے قرض اب بھی سب سے بڑا چیلنج
 خسارے میں کمی اور آمدنی میں اضافے کے باوجود ووڈافون آئیڈیا کیلئے سب سے بڑا مسئلہ اس کا  بھاری قرض اور مالی ذمہ داریاں ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ قرض دہندگان کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور اس میں مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔ کمپنی کو امید ہے کہ قرض سے متعلق معاملات کا جلد کوئی قابل عمل حل نکالا جاسکے گا۔یہ مسئلہ اس  لئے بھی اہم ہے کیوں کہ کمپنی کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے باوجود قرض کا بوجھ اس کی نئی سرمایہ کاری اور نیٹ ورک میں توسیع کی رفتار کو متاثر کرسکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ملاڈ میں بلنک اِٹ کے ڈارک اسٹور کا فوڈ لائسنس معطل، کاکروچ کی بھرمار کا انکشاف

اے آئی پر بھی توجہ 
ووڈافون آئیڈیا نے مستقبل کی حکمت عملی میں مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کو بھی اہم مقام دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کے مختلف کاروباری پیمانے درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اب پورے ادارے میں اے آئی پر مبنی تبدیلی اور بہتر عملی کارکردگی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔مجموعی طور پر وودافون آئیڈیا کے تازہ نتائج یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کمپنی کی مالی صورتحال میں کچھ بہتری ضرور آئی ہے۔ خسارہ بھی کم ہوا ہے جس کی وجہ سے اسے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کا موقع مل رہا ہے ۔وہ اس توسیع کو اے آئی کی مدد سے رفتار عطا کرنا چاہتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK