Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرجےوالا کا شیوراج پرغریب بجلی صارفین کو فریب دینے کا الزام

Updated: October 27, 2023, 12:12 PM IST | Agency | Bhopal

ؕکانگریس ترجمان نے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ غریب صارفین کا بجلی بل معاف کرنے کے وعدےکا کیا ہوا ؟

Congress spokesperson Randeep Surjewala. Photo: INN
کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا۔ تصویر:آئی این این

کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور مدھیہ پردیش کے انتخابی انچارج رندیپ سرجے والا نے حکام پر ریاست میں دھوکہ دہی اور بجلی کے بلوں میں مبینہ لوٹ مار کا الزام لگایا ہے۔ سرجے والا نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اگست میں نوگاؤں میں اعلان کیا تھا کہ ایک کلو واٹ کنکشن والے غریب صارفین کے بجلی کے بل معاف کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت ان کا جائزہ لینے کے بعد بل بھرے گی۔اسی سلسلے میں سرجے والا نے الزام لگایا کہ اس اعلان کے بعد محکمہ توانائی نے ستمبر کے مہینے میں ایک حکم نامہ جاری کیا، جس میں بل معاف کرنے کے بجائے ایک کلو واٹ تک کے تمام صارفین کے بل کی رقم کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تینوں پاور کمپنیوں نے تقریباً۹۰؍ فیصد صارفین کا لوڈ بغیر کسی اطلاع کے ایک کلو واٹ سے بڑھاکر۲؍ کلو واٹ کر دیا۔ ایسا اس لیے کیا گیا تاکہ غریب صارفین کو بل معافی کا فائدہ نہ مل سکے۔انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا محکمہ توانائی کے حکم نامے سے پہلے ہی صارفین کے بجلی کنکشن کا لوڈ جان بوجھ کر۲؍ کلو واٹ تک بڑھادیا گیا تھا اور کیا اس سے پہلے ان کی منظوری لی گئی تھی ؟سرجے والا نے کہا کہ یہ الزام نہیں ہے بلکہ حقیقت ہے اورہم اس کے شواہد بھی پیش کررہے ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر۲۱؍ ضلعوں کے ۳۸؍ ڈیویژنوں کے صارفین کا ڈیٹا بھی پیش کیا ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے پانچ سوالات پوچھےجن میں ایک یہ تھاکہ کیا ایک کلوواٹ کے کنکشن والے ۲۰؍ لاکھ غریب صارفین میں سے ایک کی پھوٹی کوڑی بھی معاف ہوئی ؟

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK