ای کے وائی سی نہ کروانے پر سرکاری اناج سے محروم ہونا پڑے گا: محکمہ رسد و خوراک، نا اہل صارفین کی تلاش مہم بھی جاری ۔ اس کا فارم پُر نہ کرنے پر راشن کارڈ منسوخ ہو سکتاہے
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 11:23 PM IST | Mumbai
ای کے وائی سی نہ کروانے پر سرکاری اناج سے محروم ہونا پڑے گا: محکمہ رسد و خوراک، نا اہل صارفین کی تلاش مہم بھی جاری ۔ اس کا فارم پُر نہ کرنے پر راشن کارڈ منسوخ ہو سکتاہے
سرکاری اناج کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ریاستی محکمہ رسد و خوراک کی جانب سے ان دنوں راشن کارڈ صارفین کا ۲؍ طرح سروے کیاجارہا ہے۔ ایک سروے ’ای کے وائی سی ‘ اور دوسرا نا اہل صارفین کی تلاش مہم۔ راشننگ افسرنے انتباہ دیا ہے کہ جن صارفین کا ’ ای کے وائی سی ‘ نہیں کیا گیا ہوگا ، انہیں سرکاری اناج سے محروم ہونا پڑے گا اور یہ سروے ۳۱؍ مئی تک مکمل کرنا ہے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے محکمہ کی جانب سے موبائل ایپ کے ذریعے ای۔ کے وائی سی کرنے کی سہولت دی گئی ہے جس کی مدد سے شہری گھر بیٹھے ہی ای۔کے وائی سی کر سکتے ہیں۔ اسی کے ساتھ ساتھ نا اہل صارفین کی تلاش مہم بھی جاری ہے ۔جس کا فارم پُر نہیں کیا گیا اور ضروری تفصیلات راشننگ محکمہ کو نہیں دیا گیا تو ان کا راشن کارڈ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
اس سلسلے میں ممبرا کے راشننگ انسپکٹر روہت مالکر سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ’’ گزشتہ برس سے راشن کارڈ صارفین کی ’ای ۔کے وائی سی ‘ مہم جاری ہے۔ اس سروے کے تحت یہ جانچ کی جارہی ہے کہ راشن کارڈ میں جن صارفین کے نام درج ہیں وہ دیئے ہوئے راشن کارڈ کےپتہ پر ہی رہتے ہیں یا نہیں اور وہ خود ہی ان کے حق کاراشن لے رہے ہیں یا نہیں۔ اس سروے کیلئے راشن دکانداروں کے ذریعے صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ راشن کارڈ کی دکان پر جاکر اپنے ای۔کے وائی سی کروائیں۔ جو بھی راشن کارڈ صارف سرکاری اناج حاصل کر رہے ہیں انہیں یہ ای ۔ کے وائی سی کروانا لازمی ہے۔ ممبرا میں ایسے تقریباً ۴۷؍ ہزار راشن صارفین ہیں۔‘‘
ای کے وائی سی کیلئے کیا کرنا ہوگا؟
افسر کے بقول ای کے وائی سی کیلئے راشن کارڈ صارفین کو راشن کارڈ کی کاپی کے ساتھ اپنا آدھار کارڈ راشن کی دکان پر لے جانا ہے ۔ راشن کارڈ دکاندار آدھار کارڈ درج کر کے بائیومیٹرک مشین میں صارف کی انگلی یا انگوٹھے سے بائیومیٹرک کر ے گا۔ راشن کارڈ پر جتنے بھی صارفین کا نام درج ہے، ان سبھی کو راشن کی دکان پر جاکر بائیومیٹرک کرنا ہوگا۔ اس طرح صارف کا ای۔ کے وائی سی کیا جائے گا۔
موبائل کے ذریعے بھی ای۔کے وائی سی کرنے کی سہولت
راشننگ انسپکٹر نے بتایاکہ ’’ممبرا جیسے مسلم اکثریتی علاقہ جہاںبڑی تعداد میں خواتین صارفین حجاب میں ہوتی ہیں اور غیر محروم کے سامنے بنا نقاب آنا گنوارا نہیں کرتیں ان جیسے صارفین کی سہولت کیلئے ریاستی حکومت نے موبائل کےذریعے گھر بیٹھے ای۔کے وائی سی کرنے کی سہولت دی ہے۔ اس کے ذریعے صارفین کوپلے اسٹور سے ’میرا ۔ ای کے وائی سی ‘ اپیلی کیشن اور ’’آدھار فیس آر ڈی ‘ایپ ڈاؤن لوڈ کرناہوگا۔ میرا ۔ ای کے وائی سی ایپ کو استعمال کرنے کیلئے صارف کا آدھار کارڈ سے موبائل نمبر منسلک ہونا لازمی ہے کیونکہ جیسے ہی اس ایپ سے صارف کا آدھار نمبر ڈالا جاتا ہے، ایک ’ او ٹی پی‘ آدھار سے منسلک موبائل نمبر پر بھیجا جاتا ہے۔ اس او ٹی پی کو ایپ میںڈالنے کے بعد ہی تصویر کھینچنے کیلئے ایک اسکینر کھل جاتا ہے۔ اسی اسکینر سے صارف کو اپنا فوٹو کھینچنا ہے۔یا د رہے کہ تصویر اسی وقت لینا ہے جب اسکینر پر ہری لائن آجائے، اسی لمحہ پلک چھپکانا ہے، ایسا کرنے پر اسکینر صارف کی تصویر لے لے گا اور اسے اپ لوڈ ہونے کے بعد ای کے وائی سی کامیابی کے ساتھ ہو گیا(’ای۔کے وائی سی سکسیس فلی ڈن‘ ) کا پیغام آئے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں افسر نے بتایاکہ ’’عموماً ۶۵؍ سال سے زیادہ عمر کے صارفین اور ۶؍ سال سے کم عمر کے بچوں کے آدھار اپڈیٹ ہونے میں دشواریاں پیش آتی ہیں، ممبرا کے ایسے صارفین کا ڈیٹا تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کی فہرست ریاست کو بھیجی کردرخواست کی جائے گی کہ ان صارفین کو ای کے وائی سی سے مستثنیٰ رکھا جائے۔ البتہ ۷؍سال تا ۶۵؍سال کی عمرکےہر صارف کوای کے وائی سی کرنا لازمی قرار دیاگیا ہے۔‘‘
معمر اور بیمار افراد کے گھر جاکر ای کے وائی سی کرنے کی ہدایت
راشن افسر نےیہ بھی بتایا ہے کہ راشن دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جو معمر یا بیمار صارف چل پھر نہیںپاتے اور ان کا دکان پر آنا دشوار ہے ، ایسے صارفین کا ان کے گھر جاکر ای۔ کےوائی سی کریں۔
یادرہے کہ ای۔کے وائی سی کیلئے دوسری مرتبہ آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ اس سے قبل ۳۰؍ نومبر۲۰۲۴ء اور اس کے بعد ۳۱؍ مارچ آخری تاریخ دی گئی تھی اب ۳۱؍ مئی ہے۔