چیک جمہوریہ اورنیدرلینڈس کی جوڑی نےبرطانیہ اور برازیل کی جوڑی کو سیدھے سیٹوں میں شکست دی۔
EPAPER
Updated: July 12, 2025, 1:07 PM IST | Agency | London
چیک جمہوریہ اورنیدرلینڈس کی جوڑی نےبرطانیہ اور برازیل کی جوڑی کو سیدھے سیٹوں میں شکست دی۔
چیک جمہوریہ کی کترینا سنیاکووا اور نیدرلینڈس کے سیم وربک نے ومبلڈن ۲۰۲۵ءکا مکسڈ ڈبلز خطاب اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے برطانیہ کے جو سالسبری اور برازیل کی لوئیزا اسٹیفانی کو سیدھے سیٹوں میں ۶۔۷،۶۔۷؍سے شکست دےدی۔
سینٹر کورٹ پر گھریلو کھلاڑی سالسبری اور ان کی جوڑی دار اسٹیفانی کے خلاف کھیلے گئے اس مقابلے میں چیک۔ڈچ جوڑی نے تحمل اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے سیٹ میں اسٹیفانی کو پاؤں میں بھی پریشانی نظر آئی، جس کا اثر ان کے موومنٹ پر پڑا۔جیت کا آخری پوائنٹ کترینا سنیاکووا کے اوور ہیڈ اسمیش کے ساتھ آیا، جس کے بعد دونوں کھلاڑی خوشی سے جھوم اٹھے۔ یہ دونوں کی ایک ساتھ کھیلتے ہوئے پہلی خطابی جیت ہے۔ سنیاکووا کا یہ پہلا مکسڈ ڈبلز گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے وہیں ۳۱؍سالہ وربک کے کریئر کا یہ پہلا گرینڈ سلیم خطاب ہے۔
خطاب جیتنے کے بعد ۲۹؍سالہ سنیاکووا نے کہا’’یہ بہت خاص ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کھیل کر اور جیت کر بہت مزہ آیا۔ یہ ایک شاندار تجربہ تھا۔‘‘قابل ذکر ہے کہ سنیاکووا کے نام اب کُل ۱۱؍گرینڈ سلیم ڈبلز خطاب ہو گئے ہیں، جن میں اس سال جنوری میں ٹیلر ٹاؤن سینڈ کے ساتھ جیتا گیا آسٹریلین اوپن ویمنز ڈبلز ٹائٹل بھی شامل ہے۔اپنے ساتھی کی تعریف کرتے ہوئے وربک نے جذباتی الفاظ میں کہا’’کترینا، آپ کا بہت بہت شکریہ۔ آپ کیساتھ کورٹ شیئر کرنا میرے لئے اعزاز کی بات رہی۔ آپ ڈبلز کی شاندار کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ آپ نے آج کے دن کو میری زندگی کا سب سے یادگار دن بنا دیا۔‘‘
وہیں سالسبری نے ہار کے بعد کہا کہ’’فائنل ہارنا ہمیشہ مایوس کن ہی ہوتا ہے لیکن انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں ٹائی بریکر میں وہ ہم سے بہتر ثابت ہوئے۔‘‘