Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ کے خلاف ٹیم انڈیا کی محتاط بلے بازی

Updated: July 12, 2025, 1:04 PM IST | Agency | London

ہندوستان نے میزبان ٹیم کو ۳۸۷؍رنوں پر روک دیا، جو روٹ کی شاندار سنچری ،جسپریت بمراہ نے ۵؍وکٹیں حاصل کیں،سراج کو ۲؍وکٹ ملے۔

Jasprit Bumrah. Picture: INN
جسپریت بمراہ۔ تصویر: آئی این این

جسپریت بمراہ (۷۴؍ رن کے عوض ۵؍وکٹ)، محمد سراج اور نتیش کمار ریڈی (۲۔۲؍وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن چائے کے وقفے سے پہلے انگلینڈ کو ۳۸۷؍رنوں پرسمیٹ دیا۔حالانکہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم انڈیا نے خبر لکھے جانے تک ۲؍وکٹ کے نقصان پر۷۵؍ رن بنا لئے تھے۔ کریز پر کے ایل راہل (۲۱)اور کپتان شبھمن گل(ایک) موجود تھے۔ٹیم انڈیا کے افتتاحی بلے باز یشسوی جیسوال ۱۳؍رن نباکر جوفرا آرچر کا شکار ہوئے جبکہ کرون نائر کو ۴۰؍رنوں کے ذاتی اسکور پر بین اسٹوکس نے پویلین کی راہ دکھائی۔ ۲؍وکٹ گر جانے کی وجہ سے ٹیم انڈیا بیک فٹ پر نظر آئی اور محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے دکھائی دی۔
اس سے پہلے کل کے اسکور ۴؍ وکٹ پر ۲۵۱؍رنوں سے آگے کھیلنے اتری انگلینڈ کی ٹیم آج صبح کے سیشن میں بمراہ کی خطرناک گیندبازی کا شکار ہو گئی۔کپتان بین اسٹوکس نے اپنی اننگز میں صرف ۵؍ رنوں کا اضافہ ہی کیا تھا کہ بمراہ نے انہیں بولڈ کر کے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ بین اسٹوکس نے ۱۱۰؍گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۴۴؍رن بنائے۔
 اسی دوران جو روٹ نے چوکا لگا کر اپنی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ یہ جو روٹ کے ۱۵۶؍ ٹیسٹ میچوں کے کریئر کی ۳۷؍ویں اور ہندوستان کیخلاف ۱۱؍ویں ٹیسٹ سنچری تھی۔ سنچری مکمل کرنے کے بعد بمراہ نے انہیں بھی بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔جو روٹ نے ۱۹۹؍ گیندوں پر ۱۰۴؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ کریس ووکس (صفر) کو بھی بمراہ نے آؤٹ کیا۔
 لنچ تک انگلینڈ نے ۷؍وکٹ پر ۳۵۳؍ رن  بنا لئے تھے۔لنچ کے بعد محمد سراج نے جیمی اسمتھ (۵۱) کو آؤٹ کر کے  ہندوستان کو اہم آٹھویں کامیابی دلائی۔اس کے بعد جوفرا آرچر (۴) کو بمراہ نے بولڈ کر کے اپنا پانچواں اور ہندوستان کیلئے نواں وکٹ حاصل کیا۔۱۱۳؍ویں  اوور کی تیسری گیند پر محمد سراج نے برائیڈن کارس (۵۶) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی پہلی اننگز کو ۳۸۷؍  رنوں پر سمیٹ دیا۔
 بمراہ نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا  اور محمد سراج نے ان کا خوب ساتھ دیا۔حالانکہ جیمی اسمتھ اور برائیڈن کارس کے درمیان جو شراکت داری ہوئی، اس سے ہندوستانی ٹیم ضرور مایوس ہوئی، اسی لئے انگلینڈ کی ٹیم ۴۰۰؍کے قریب پہنچ گئی۔ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ نے ۷۴؍رنوں کے عوض ۵؍وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی ۵؍ وکٹ لئے تھے۔محمد سراج اور نتیش کمار ریڈی کو۲۔۲؍ وکٹ ملے۔رویندر جڈیجہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جو روٹ نے دراوڑ ور اسمتھ کو پیچھے چھوڑا
  انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے  ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنا کر لیجنڈری بلے باز راہل  دراوڑ  اور اسٹیو اسمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ٹاپ ۵؍میں جگہ بنا لی ہے۔روٹ کی یہ ۳۷؍ویں ٹیسٹ سنچری تھی، جو انہوں نے لارڈس کے میدان میں عمدہ انداز میں مکمل کی۔روٹ اب اس فہرست میں صرف سچن تینڈولکر (۵۱)، جیکس کیلس (۴۵)، رکی پونٹنگ (۴۱) اور کمار سنگاکارا (۳۸) سے پیچھے ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستان کے راہل دراوڑ اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ کے نام ۳۶؍ٹیسٹ سنچریاں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK