اس دردناک حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔سیکڑوں افراد نے نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔ ایک بچی کی لاش اب تک ملی نہیں۔
EPAPER
Updated: October 13, 2026, 12:31 PM IST | Siraj Sheikh | Ratnagiri
اس دردناک حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔سیکڑوں افراد نے نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔ ایک بچی کی لاش اب تک ملی نہیں۔
ضلع رتناگیری میں راجا پور کے نزدیک واقع نانار کھاڑی میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ہی خاندان کے چار سگے بہن بھائی کھاڑی کے گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یہ درد ناک حادثہ اتوار کی شام میں پیش آیا۔
اس دردناک حادثے میں ایک بچی کو بچا لیا گیا ہے لیکن چار دیگر بچے پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے باعث ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔متوفین کے نام اس طرح ہیں:محمد جنید بھاٹکر (۶؍ سال)، جویریہ جنید بھاٹکر (۹؍ سال)، بشریٰ جنید بھاٹکر (۱۱؍ سال) ، ماہرہ جنید بھاٹکر (۱۵؍ سال) ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، مچھیرے اور پولیس انتظامیہ فوراً موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے بچوں کی لاشیں پانی سے نکال لی گئی ہیں۔ اس دردناک حادثے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچا ہوا ہے اور سوگ کا ماحول ہے۔
انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مقامی لوگوں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا۔ اتوار کو ہی تین بچوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں، جبکہ چوتھی بچی۱۵؍ سالہ ماہرہ کی تلاش کے لیے انتظامیہ نے پیر کے روز بھی سرچ آپریشن جاری رکھا۔ تمام لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے واقعہ کی باقاعدہ رپورٹ درج کر کے حادثے کے اسباب کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، اور متاثرہ خاندان کو ممکنہ سرکاری ریلیف فراہم کرنے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی کی قیادت میں ’انڈیا‘ کا تاریخی مارچ، اجتماعی پٹیشن
مقامی قبرستان میں تدفین
قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد مہلوکین کے جسد خاکی لواحقین کے حوالے کیے گئے، جن کی تدفین مقامی قبرستان میں غمگین ماحول میں عمل میں آئی، جہاں سینکڑوں مقامی افراد نے نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کر کے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
یہ درد ناک حادثہ کب پیش آیا ؟
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار۱۱؍ اکتوبر۲۰۲۶ء کو اس وقت پیش آیا جب بھاٹکر خاندان کے پانچ بچے اپنے والدین کے ساتھ نانار انگلواڑی کی خلیج میں سیپیاں اور مچھلیاں پکڑنے گئے تھے۔ پانی کی گہرائی اور اچانک آنے والے گہرے گڑھے کا اندازہ نہ ہونے کے باعث پانچوں بچے تیز لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئے۔پانچ بچوں میں سے ایک لڑکی کو بحفاظت زندہ بچا لیا گیا۔